سری ہری کوٹہ (اے پی)، 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انڈیا کے جدید ترین مواصلاتی سٹیلائٹ
GSAT-6A
کو آج یہاں خلائی بندرگاہ سے جیوسِنکرونس راکٹ
GSLV-F08
کے ذریعے داغا گیا اور اسے کامیابی سے مطلوبہ مدار میں پہنچا دیا گیا، جو اِسرو (ہندوستانی خلائی تحقیق تنظیم) کا ایک اور کارنامہ ہے۔ جیوسنکرونس سٹیلائٹ لانچ وہیکل جسے دیسی ساختہ کرایوجینک تھرڈ اسٹیج سے لیس کیا گیا، اس نے سٹیلائٹ کو یہاں ستیش دھون اسپیس سنٹر سے اس کی پرواز کے تقریباً 18 منٹ بعد مدار میں پہنچا دیا۔ انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن نے کہا کہ یہ سٹیلائٹ ملٹی بیم کوریج فسیلٹی کے ذریعے موبائل کمیونکیشن کو جہت فراہم کرے گا۔ چیئرمین اسرو کے سیوان نے اس مشن کو کامیاب قرار دیتے ہوئے اس میں اپنا رول ادا کرنے والے سائنس دانوں کو مبارکباد پیش کی۔