پریاگ راج میں کمبھ میلہ کے دوران آگ لگنے کی خبریں کئی بار آ چکی ہیں اور منگل کی دیر شب بھی یہاں زبردست آتشزدگی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کمبھ میلہ میں بہار کے گورنر لال جی ٹنڈن کے ٹینٹ میں آگ لگ گئی۔ اس حادثہ میں بہار کے گورنر بال بال بچ گئے۔ آگ لگنے کی خبر ملنے کے بعد سیکورٹی اہلکاروں اور انتظامی افسران میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق منگل کی دیر رات کمبھ میں لال جی ٹنڈن کے کیمپ میں آگ لگی اور ٹینٹ پوری طرح سے جل کر خاک ہو گیا۔ آگ میں لال جی ٹنڈن کے کئی ضروری سامان بھی خاکستر ہو گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ جس وقت یہ حادثہ ہوا لال جی ٹنڈن گہری نیند میں تھے۔ سیکورٹی اہلکاروں کے مطابق آگ منگل کی دیر شب تقریباً 2.30 بجے لگی۔ آگ لگنے کے اسباب کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے، لیکن اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شارٹ سرکٹ کے سبب یہ آگ لگی۔
کمبھ میلہ میں آگ لگنے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے پہلے بھی کمبھ میلہ احاطہ میں آگ لگنے کے کئی واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ کمبھ شروع ہونے سے ٹھیک ایک دن پہلے یعنی 15 جنوری کو بھی سلنڈر پھٹنے کی وجہ سے دگمبر اکھاڑے کے ٹینٹ میں آگ لگ گئی تھی۔ آگ کی وجہ سے کافی سامان جل کر خاک ہو گیا تھا۔ ابھی کچھ دن پہلے ہی یو پی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے کیمپ میں آگ لگ گئی تھی۔ اس آگ میں تقریباً 2 ٹینٹ جل گئے تھے، حالانکہ کسی شخص کو اس سے کوئی نقصان نہیں پہنچا تھا۔
غور طلب ہے کہ مرکز کی مودی حکومت اور ریاست کی یوگی حکومت کمبھ میلہ کے کامیاب ہونے کا دعویٰ کر رہی ہیں لیکن دوسری طرف لگاتار ہو رہے حادثات نے سیکورٹی انتظامات کو لے کر کئی سوال کھڑے کر دیئے ہیں۔