سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ کی ٹیم کا کامیاب دورہ ، ڈی ایم اور ضلع ایس پی سیاست کی خدمات سے متاثر
غریب خواتین اور لڑکیوں کو فنی تربیت کی فراہمی
حیدرآباد ۔ 28 ۔ دسمبر : ( نمائندہ خصوصی) : ہمارے ملک میں دولت کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ ہندوستان میں اس قدر زیادہ سونا پایا جاتا ہے جس کا مقابلہ دنیا کے بعض خوشحال اور دولت مند ملک بھی نہیں کرسکتے ۔ زندگی کے ہر شعبہ میں جنت نشاں ہندوستان نے ترقی کی ہے ۔ خلائی سائنس اور میزائیل ٹکنالوجی کے شعبے میں ہندوستان دنیا کی بڑی طاقتوں میں شامل ہے ۔ ہمارے سائنسدانوں نے چاند پر کمند ڈالدی ہے ۔ اس کے باوجود ملک کی بیشتر آبادی غربت و افلاس کا شکار ہے ۔ غربت کے نتیجہ میں بیماریوں اور سماجی برائیوں نے بھی اپنا ڈیرہ ڈال رکھا ہے ۔ بعض علاقے تو ایسے ہیں جہاں عوام کو دو وقت کی روٹی بھی نصیب نہیں ۔ غربت و افلاس کا شکار عوام میں مسلمان سرفہرست ہیں جنہیں جان بوجھ کر پسماندہ رکھا گیا ہے اور یہ بھی تلخ حقیقت ہے کہ اپنی اس حالت کے لیے مسلمان بھی ذمہ دار ہیں اگر مسلمان میں تعلیمی اور معاشی انقلاب برپا کیا جائے تو وہ ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوسکتے ہیں ۔
اس مشن کے مد نظر روزنامہ سیاست نے ملک کے مسلمانوں میں تعلیمی اور معاشی انقلاب کا بیڑا اٹھایا ہے ۔ سیاست ملت فنڈ فیض عام ٹرسٹ کے ساتھ ملکر ایسے علاقوں کی نشاندہی کرتا ہے جہاں مسلمان انتہائی کسمپرسی کی زندگی گذار رہے ہوں پھر ان علاقوں میں خواتین و لڑکیوں کو ایسے کورسیس یا فن سکھائے جاتے ہیں جس کے ذریعہ وہ کچھ کمانے کے قابل ہوجاتی ہیں ۔ حال ہی میں سیاست ملت فنڈ کی ایک ٹیم نے جو محترمہ خدیجہ سلطانہ ، عائشہ بیگم ، عطیہ بیگم اور محمد رفیع پر مشتمل تھی ۔ کشن گنج بہار کے ایک انتہائی پسماندہ دیہات چکلا کا دورہ کیا اور مسلسل دس یوم تک وہاں کی غریب خواتین اور لڑکیوں کو چوڑی سازی ، کھلونوں کی تیاری ، مصنوعی پھول بنانے ، ویزلین ، فینائیل اور عطر بنانے کی تربیت فراہم کی ۔ پہلے دن 250 خواتین اور لڑکیاں آئیں اور دوسرے دن سے ان کی تعداد بڑھ کر 500 ہوگئی ۔ سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ کے اس تربیتی کیمپ کے لیے مجاہد عالم ایم ایل اے اور جے آر فاونڈیشن طارق انور کا اہم کردار رہا ۔ جنہوں نے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور منیجنگ ایڈیٹر جناب ظہیر الدین علی خاں سے ربط پیدا کرتے ہوئے چکلا جیسے پسماندہ دیہات کی خواتین کو فنی کورس سکھانے کی درخواست کی کمال الھدیٰ ایم ایل اے نے بھی غریب خواتین کو تربیت فراہم کرنے کی اپیل کی تھی ۔ آپ کو بتادیں کہ چکلا میں مسلمانوں کی اکثریت ہے اور اس دیہات میں شدید غربت پائی جاتی ہے ۔
دیہات کے مسلمانوں کی تعلیمی حالت بھی ٹھیک نہیں ۔ سیاست ملت فنڈ کی ٹیم کے ارکان چکلا کے مکینوں کی غربت و افلاس دیکھ کر حیران رہ گئے ۔ گاؤں میں ایسے بہت لوگ ہیں جنہیں دو وقت کا کھانا بھی نصیب نہیں ۔ خدیجہ سلطانہ نے بتایا کہ ان خواتین اور طالبات نے بڑے جوش و خروش سے تربیت حاصل کی اور جلد ہی مذکورہ اشیاء کی تیاری میں مہارت پیدا کرلی ۔ ان کی تیار کردہ اشیاء کا مجاہد عالم ، کمال الھدیٰ ، ارکان اسمبلی ، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ پنکج ڈکشت اور ایس پی راجیو مشرا نے بھی مشاہدہ کرتے ہوئے خوشنودی کا اظہار کیا ۔ فنی تربیت حاصل کرنے والی ایک لڑکی نوری نے اپنی تیار کردہ اشیاء چیف منسٹر مسٹر نتیش کمار کو بھی پیش کیا ۔ جناب مجاہد عالم اور کمال الھدیٰ نے خدیجہ سلطانہ ، عائشہ بیگم ، عطیہ بیگم اور محمد رفیع کو تہنیت پیش کی ۔ کشن گنج کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور ایس پی کے علاوہ مقامی سرکاری اور غیر سرکاری عہدیداروں اور قائدین نے روزنامہ سیاست اور ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کی زبردست ستائش کرتے ہوئے کہا کہ غریب خواتین کی مدد کے لیے سیاست ملت فنڈ نے کشن گنج کے پسماندہ علاقہ چکلا کا رخ کیا ہے جس سے سیاست کے انتظامیہ کے جذبہ انسانیت کا اظہار ہوتا ہے ۔ فنی کورس سے غیر مسلم خواتین اور طالبات نے بھی استفادہ کیا ۔ واضح رہے کہ کشن گنج میں ہر سال جنوری میں انٹرنیشنل ہینڈی کرافٹس میلہ منعقد ہوتا ہے جو دو ماہ تک جاری رہتا ہے ۔ اس میلہ میں یہ خواتین اور لڑکیاں اپنی تیار کردہ اشیاء فروخت کے لیے رکھیں گے اس دوران ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے کہا کہ سیاست اور فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے کشن گنج اور سیمانچل کے دوسرے علاقوں میں اس قسم کے تربیتی کیمپس کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ خواتین اور لڑکیاں آمدنی کے وسائل پیدا کرتے ہوئے اپنے خاندانوں کی مدد کرسکیں ۔ واضح رہے کہ بہار میں سیلاب کے متاثرین کی بھی سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ نے بڑے پیمانے پر مدد کی تھی ۔۔