سری نگر ، 13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے شیخ پورہ سوپور میں جمعرات کو عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ایک مسلح تصادم میں جیش محمد سے وابستہ 3 غیرملکی جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔ پولیس نے 3 کے منجملہ 2 مہلوک جنگجوؤں کی شناخت پاکستانی شہریوں علی عرف اطہر اور ضیاء الرحمن کی حیثیت سے کی ہے ۔ پولیس کے مطابق مہلوک عسکریت پسندوں میں علی رواں برس 6 جنوری کو سوپور میں دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) دھماکہ کا ماسٹر مائنڈ تھا جس میں ریاستی پولیس کے چار اہلکار جاں بحق ہوئے تھے ۔ جموں وکشمیر پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا ‘سوپور مسلح تصادم میں جیش محمد سے وابستہ دو غیرملکی عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ہے ۔ دونوں کا تعلق پاکستان سے تھا۔ 2 مہلوک عسکریت پسندوں کی شناخت علی عرف اطہر اور ضیاء الرحمن کے بطورکی گئی ہے ۔ علی سوپور آئی ای ڈی دھماکے کا ماسٹر مائنڈ تھا جس میں ریاستی پولیس کے چار اہلکار جاں بحق ہوئے تھے ‘۔ فوج کی چنار کور نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا ‘سوپور آپریشن کے دوران دو عسکریت پسند مارے گئے ہیں’۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شیخ پورہ سوپور کے چکی پورہ نامی گاؤں میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاع ملنے پر فوج کی 22 راشٹریہ رائفلز (آر آر)، جموں وکشمیر کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) نے مذکورہ گاؤں میں گذشتہ رات تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران گاؤں میں موجود عسکریت پسندوںنے سیکورٹی فورسز پر گرینیڈ پھینکا اور فائرنگ کی۔ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین فائرنگ کا تبادلہ وقفہ وقفہ سے گھنٹوں تک جاری رہا۔ انہوں نے بتایا کہ مسلح تصادم کے دوران دو جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ ریاستی پولیس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ مسلح تصادم کے مقام سے برآمد ہوئے ممنوعہ مواد کی بناء پر مہلوک عسکریت پسندوں کی شناخت پاکستانی شہریوں علی عرف اطہر و ضیاء الرحمن کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ‘مہلوک عسکریت پسندوں ممنوعہ تنظیم جیش محمد سے وابستہ تھے ۔ علی جیش محمد کے اہم کمانڈروں میں سے تھا اور 2014 سے سرگرم تھا۔ وہ سوپور آئی ای ڈی دھماکے کا ماسٹر مائنڈ تھا جس میں ریاستی پولیس کے چار اہلکار جاں بحق ہوئے تھے ۔ مہلوک عسکریت پسندوں سیکورٹی فورسزتنصیبات اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے ‘۔ بتادیں کہ ایپل ٹاون سوپور میں 6 جنوری 2018 ء کی صبح ہلاکت خیز آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں جموں وکشمیر پولیس کے چاراہلکار ہلاک جبکہ تین دیگر زخمی ہوگئے تھے ۔