مودی سے بات چیت کیلئے تیار:عمران خان
اسلام آباد – پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیر کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔عمران خان کا ردعمل وزیر خارجہ سشما سوراج کے اس بیان کے بعد آیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ جب تک پاکستان سرحد پار جنگجوئوں کی سرگرمیاں بند نہیں کرتا،
پاکستان کیساتھ بات چیت نہیں ہوسکتی۔عمران خان نے کہا’’ وہ نریندر مودی کیساتھ بات چیت کرنے کیلئے تیار ہیں،
انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ یہ بات پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے کہ بھارت کیخلاف اسکی سر زمین استعمال ہو‘‘۔
انہوں نے کہا’’ یہ ہمارے مفاد میں نہیں کہ باہر دہشت پھیلانے کیلئے ہماری زمین استعمال کی جائے‘‘۔
عمران خان نے بھارتی صحافیوں کیساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام بھارت کیساتھ امن چاہتے ہیں، اور وہ اس بات میں خوشی محسوس کریں گے کہ مودی کیساتھ مل کر بات چیت کی جاسکے۔
انہوں نے کہا’’ میں بات چیت کیلئے تیار ہوں،کیونکہ کشمیر کا کوئی فوجی حل نہیں ہے،کچھ بھی ناممکن نہیں ہے‘‘۔
انہوں نے کہا’’ پاکستانی عوام کے ذہن تبدیل ہوچکے ہیں،تاہم امن کی خواہش یکطرفہ نہیں ہوسکتی، ہم آئندہ الیکشن تک انتظار کرنے کیلئے تیار ہیں‘‘۔