کشمیر میں کسی سیاح کو نشانہ نہیں بنایا گیا ،ڈل جھیل کے ہاؤس بوٹ طبقے نے سیاحت کو زندہ رکھا ہے : فاروق عبداللہ

نیشنل کانفرنس کے صدرفاروق عبداللہ صاحب نے وادی کشمیر میں سیاحوں کی آمد میں کمی کا بہت بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے ملکی وغیر ملکی سیاحوں سے کشمیر آنے کی اپیل کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وادی کے حالات بہت ٹھیک ہیں اور یہا ں کبھی کسی سیاح کو نشانہ نہیں بنایا گیا ہے۔
ان باتوں کا اظہار فاروق عبداللہ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران جمعرات کو شہر آفاق جھیل ڈل میں شکارا ریلی کے دوران لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ریلی میں صوبائی صدر ناصر اسلم وانی ،سنیئر لیڈران شمی اوبرائے،ریاستی خواتین ونگ شمیمہ فردوس ،ضلع صدر سری نگر پیر افاق احمد ،یوتھ صوبائی صدر سلمان علی ساگر ،نائب صدر صوبہ مشتاق احمد گورو اور خواتین صوبہ صدر انجنیئر صبیبہ قادری کے علاوہ کئی عہد یداران شامل تھے ۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ جھیل ڈل کے ہاؤس بوٹ طبقے نے سیاحت کو زندہ رکھا ہے لیکن آج خالی ہاوس بوٹ دیکھ کر مجھے مایوسی ہو رہی ہے ہاؤس ڈل بوٹ جھیل ڈل کی جان ہے اور جھیل ڈل جموں کشمیر کی جان ہے ، میں ملک کے لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ کشمیر آئیں ،یہاں کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہوجائیں اور ہاوس بوٹ والوں کی مہمان نوازی بھی دیکھیں ۔
امسال یہاں بہت اچھی برف باری ہوئی ہے گلمرگ میں بہت برف ہے ، پہلگام بھی انتہائی خوبصورت ہے اور سونہ مرگ کاراستہ کہلنے والا ہے ، وہاں بھی برف باری ہے ، انہوں نے کہا میں ملک کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ کشمیر آئیں ۔یہاں کے حالات بہت ٹھیک ہیں ،یہاں کبھی کسی سیاح کو نشانہ نہیں بنایا گیا اور نہ ہی کبھی چھیڑ چھاڑ کی گئی دیگر ریاستوں میں آپ رات کو چل نہیں سکتے لیکن یہاں رات کے ۲ بجے بھی بغیر کسی ڈر وخوف کے چل سکتے ہیں ۔
گورنر انتظامیہ پر سرحدوں سیاحوں کی آمد کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانے پر زور دینے کے علاوہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مرکزی حکومت سے بھی اپیل کی کہ وہ ایسے عناصر کے منھ بند کریں جو کشمیر میں جانے سے روکتے ہیں اور وزیر اعظم کو کشمیر میں سیاحت کے بڑھاوے کے لئے زور دار انداز میں بات کرنی چاھیئے ،۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارے مسائل بہت ہیں لیکن سیاحوں کا یہاں نہ آنا بھی بہت بڑا مسئلہ ہے اور ریاستی حکومت کو اس جانب توجہ مبذول کرنی چاھیئے ،اور منفی پروپگینڈے کے توڑ کے لئے اقدامات کرنے چاھیئے ۔ جھیل ڈل کے حالات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جہیل ڈل ہماری ریاست کا چہرہ ہے لیکن آج اس کی حالت ٹھیک نہیں دکھائی دے رہی ہے ۔