کشمیر میں پیلیٹ گنوں کا مسلسل استعمال افسوسناک : آزاد

سرینگر ۔30 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج کہا کہ وادی کشمیر میں احتجاجیوں پر قابو پانے کیلئے پیلیٹ گنوں کے استعمال کو جاری رکھنے کا فیصلہ کرکے اپوزیشن کو دھوکہ دیا گیا ہے ۔ یہ افسوس کی بات ہے کہ حکومت نے وعدہ کیا تھاکہ وہ پیلیٹ گنوں کا استعمال کرنے سے روک دی گی ۔ اپوزیشن کو بھی یقین تھا کہ اب پیلیٹ بندوق استعمال نہیں کئے جائیں گے ۔ راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد نے کہا کہ یہ ہمارے لئے افسوس کی بات ہے کہ قومی سطح پر ہم سے کہا گیا تھا کہ اب پیلیٹ گنوں کا استعمال نہیں کیا جائے گا، اس کے باوجود اب بھی یہ سلسلہ جاری ہے۔
راجناتھ سنگھ نے کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیا
نئی دہلی 30 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام)  مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے آج تشدد زدہ وادیٔ کشمیر کی صورتحال کا اور ہند ۔ پاک سرحدی علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لیا جہاں دراندازی کی کئی کوششیں ماضی قریب میں کی جاچکی ہیں۔ اعلیٰ عہدیدار بشمول مرکزی معتمد داخلہ راجیو مہرشی اور سراغ رساں محکموں کے سربراہوں نے مرکزی وزیرداخلہ کو موجودہ صورتحال کی تفصیلات سے اور نظم و ضبط کی برقراری کے لئے کئے ہوئے اقدامات سے واقف کروایا۔ وادیٔ کشمیر 53 دن سے کرفیو کے تحت تھی جبکہ حزب المجاہدین کے عسکریت پسند برہان وانی 8 جولائی کو فوج کے ساتھ انکاؤنٹر میں ہلاک ہوگئے تھے۔ آج کے اجلاس میں کمیٹیوں کی رپورٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں کہا گیا ہے کہ پلیٹ گنس کا متبادل تلاش کیا جائے۔ تاہم فیصلہ نہیں کیا جاسکا۔ ذرائع کے بموجب مرکزی وْزیرداخلہ کو سرحد کی صورتحال سے بھی واقف کروایا گیا۔ راجناتھ سنگھ نے وادی کے دو دورے کئے ہیں اور مختلف شعبہ ہائے حیات سے وابستہ افراد سے ملاقات کی ہے تاکہ وادیٔ کشمیر میں امن بحال کیا جاسکے۔ ایک کل جماعتی وفد بھی ریاست کا 4 سپٹمبر سے دورہ کرے گا اور مختلف گروپس کے افراد اور سیاسی قائدین سے ملاقات کرکے امن بحال کرنے کی ایک بار پھر کوشش کرے گا۔