کشمیر میں تازہ جھڑپوں کے دوران ایک نوجوان ہلاک

سری نگر ، 24 اگست (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بدھ کو احتجاجی مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے مابین جھڑپوں کے دوران ایک نوجوان ہلاک جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔ تازہ ہلاکت کے ساتھ وادی میں 8 جولائی کو حزب المجاہدین کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد بھڑک اٹھنے والی ‘آزادی حامی’ احتجاجی لہر کے دوران مرنے والے شہریوں کی تعداد بڑھ کر 68 ہوگئی ہے۔ زخمی شہریوں کی تعداد 5 ہزار ہے جن میں کم از کم دو سو افراد آنکھوں میں پیلٹ لگنے سے زخمی ہوگئے ہیں اور خدشہ ہے کہ اِن میں سے بیشتر زخمی اپنی ایک یا دونوں آنکھوں کی بینائی سے محروم ہوسکتے ہیں۔ احتجاجی لہر کے دوران دو پولیس اہلکار ہلاک جبکہ قریب 3 ہزار سی آر پی ایف و پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔ تازہ شہری ہلاکت کا یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ اپنے دو روزہ دورے پر سری نگر آپہنچے جہاں وہ اُن کے بقول ‘کشمیریت، انسانیت اور جمہوریت’ پر یقین رکھنے والوں کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ ضلع پلوامہ کے پرچیو نامی گاؤں میں سیکورٹی فورسز نے مشتعل احتجاجی مطاہرین کو منتشر کرنے کے لئے مبینہ طور پر اپنی بندوقوں کے دھانے کھول دیے جس کے نتیجے میں متعدد احتجاجی نوجوان زخمی ہوگئے

جن میں سے رتنی پورہ کا رہنے والا محمد عامر میر ولد غلام احمد میر سری نگر کے صدر اسپتال (ایس ایم ایچ ایس اسپتال) میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گیا۔ عامر کے حق میں نماز جنازہ اسپتال کے احاطے میں بھی انجام دی گئی جس میں شامل لوگوں نے ‘کشمیر کی آزادی’ کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔ ایک رپورٹ کے مطابق ضلع بھر میں احتجاجی مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے مابین مختلف مقامات پر ہونے والی جھڑپوں میں قریب تین درجن افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ دریں اثناء وادی کشمیر میں ہڑتال، کرفیو اور پابندیوں کے باعث بدھ کو مسلسل 47 ویں روز بھی معمولات زندگی مفلوج رہے ۔ اگرچہ گرمائی دارالحکومت سری نگر کے ڈاون ٹاون، شہرخاص اور سیول لائنز کے بتہ مالو اور اننت ناگ کو چھوڑ کر دوسرے علاقوں سے دن کا کرفیو ہٹالیا گیا ہے ، تاہم دفعہ 144 سی آر پی سی کے تحت چار یا اس سے زیادہ افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی بدستور جاری رکھی گئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ سری نگر کے ڈاون ٹاون اور شہرخاص کے صفاکدل، رعناواری، خانیار، نوہٹہ اور ایم آر گنج اور سیول لائنز کے مائسمہ، کرالہ کڈھ اور بتہ مالو پولیس تھانوں کے تحت آنے والے علاقوں میں کرفیو کا نفاذ آج بھی جاری رکھا گیا ۔