کشمیر میں آتشزدگی ،2 عمارتیں خاکستر، کروڑوں روپئے کا نقصان

سری نگر ، 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں آتشزدگی کی دو الگ الگ وارداتوں میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کی مین برانچ کا رہائشی کوارٹر اور ڈسٹرکٹ انسٹی چیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (ڈائٹ) شوپیان کے سینئر افسر کی سرکاری رہائش گاہ خاکستر ہوئی ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ گرمائی دارالحکومت سری نگر میں واقع ایس بی آئی کی مین برانچ کے رہائشی کوارٹر سے بدھ کی صبح آگ نمودار ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ ریذیڈنسی روڑ پر واقع اس برانچ کی حفاظت پر تعینات سیکورٹی فورسز نے بدھ کی علی الصبح تین بجے بینک کی رہائشی عمارت سے آگ کے شعلے بھڑکتے ہوئے دیکھے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ آگ کے شعلوں پر قابو پانے کے لئے فائر اینڈ ایمرجنسی سروس ہیڈکوارٹر اور دیگر علاقوں سے فائر ٹینڈر بھیجے گئے ۔ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک افسر نے یو این آئی کو بتایا ‘آگ پر ملحقہ عمارتوں تک پھیلنے سے قبل سے ہی قابو پالیا گیا’۔انہوں نے بتایا کہ آگ کے باعث رہائشی کوارٹر کی چھت اور دیگر املاک کے علاوہ سیکورٹی فورسز کے تین بیرکوں کو نقصان پہنچا۔ آتشزدگی کے باعث بینک کے املاک کو قریب دو کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آتشزدگی کی وجہ شارٹ سرکٹ ہوسکتا ہے ۔