کشمیر جانے والے وفد کی قیادت راج ناتھ سنگھ کرینگے

وزیر داخلہ نے بی جے پی اور سرکاری حکام کے ساتھ وادی کی صورتحال کا جائزہ لیا

نئی دہلی 28 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ امکان ہے کہ اس کل جماعتی وفد کی قیادت کرینگے جو 3 ستمبر کو جموں و کشمیر کا دورہ کریگا ۔ اس دوران ریاست میں تشدد کا سلسلہ جاری ہے ۔ وادی کشمیر میں بدامنی اور تشدد کا سلسلہ آج مسلسل 51 ویں دن بھی جاری رہا ۔وزیر داخلہ نے آج بی جے پی اور حکومت کے اعلی حکام کے ساتھ ریاست کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ راج ناتھ سنگھ نے بی جے پی صدر امیت شاہ ‘ وزیر فینانس ارون جیٹلی اور منسٹر آف اسٹیٹ دفتر وزیر اعظم جتیندر سنگھ کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ریاست کو روانہ کئے جانے والے کل جماعتی وفد کی ہئیت اور اس کے پروگرام کے تعلق سے تبادلہ خیال کیا ۔ ذرائع نے کہا کہ اجلاس میں ان امکانی افراد اور گروپس کے تعلق سے تبادلہ خیال کیا گیا جن کے ساتھ مرکزی وفد تبادلہ خیال کریگا ۔ حکومت نے مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطہ کرتے ہوئے ان سے کہا کہ وہ اپنے نمائندوں کے نام روانہ کرے جنہیں کل جماعتی وفد میں کشمیر روانہ کیا جائیگا ۔ دفتر وزیر اعظم کے منسٹر آف اسٹیٹ جتیندر سنگھ سے جب یہ سوال کیا گیا کہ اجلاس میں کیا تبادلہ خیال ہوا ہے انہوں نے تفصیلی جواب دینے سے گریز کیا اور نامہ نگاروں سے صرف اتنا کہا کہ راج ناتھ سنگھ ایک سینئر لیڈر ہیں اور ہم ان سے رہنمائی حاصل کرنے یہاں آئے تھے ۔ وزیر داخلہ نے یہ اجلاس ایسے وقت میں منعقد کیا جبکہ آج ہی وزیر اعظم نے من کی بات ریڈیو پروگرام میں مسئلہ کشمیر کے تعلق سے اظہار خیال کیا اور کہا تھا کہ اس مسئلہ کو حل کرنے ایکتا اور ممتا ہی واحد راستہ ہیں۔