کشمیری عوام کے لئے احتجاجاً استعفیٰ دیا۔ شاہ فیصل

سرکاری نوکری کو خیر باد کہنے والے ائی اے ایس ٹاپر شا ہ فیصل نے کہاکہ‘ ملک میں سی بی ائی جیسے آزاداداروں کو بھی تباہ کیاجارہا ہے۔

سری نگر ۔ سرکاری نوکری کو حال میں خیر باد کہنے والے ائی اے ایس ٹاپر شاہ فیصل نے کہاکہ وہ کسی بھی سیاسی پارٹی میں شمولیت کرنے کے بارے میں حتمی فیصلہ لینے سے پہلے زمینی سطح پر تمام متعلقین خاص طور پر نوجوانوں کے ساتھ گفت وشنید کریں گے۔

مستعفی ہونے کے بعد جمعہ کو اپنی پہلی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہو ں نے کہاکہ آنے والے اسمبلی وپارلیمانی انتخابات لڑنے میں مجھے خوشی ہوگی تاہم میں پہلے تمام متعلقین خاص کر نوجوانوں کے ساتھ صلاح ومشورہ کروں گا۔

حریت کانفرنس میں شمولیت کے حواے سے شاہ فیصل نے کہاکہ میں سسٹم کا آدمی ہوں اور نظام کا حصہ بن کر ہی میں تبدیلی لاسکتاہوں۔ شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑپ کی وادی لولاب سے تعلق رکھنے والے 35سالہ شاہ فیصل نے کہاکہ میں نے مرکزی حکومت کو جموں وکشمیر کے عوام کے لے ان کی ذمہ داریوں کو یادلانے کے تئیں احتجاجاً استعفیٰ دیا ہے ۔

انہو ں نے کہاکہ میں مرکز کی طرف سے کشمیر کے تئیں معتبر سیاسی پہل نہ کرنے پر برسراحتجاج ہوں۔ انہوں نے کہاکہ یہ بہت ضروری ہے کے کشمیریوں کے حقوق ‘زندگی کی قدر کی جائے۔

شاہ فیصل نے کہاکہ کشمیریوں کو انصاف نہ دینے کے نتیجے میں حالیہ برسوں کے دوران تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا اور بے تحاشہ جانی نقصان ہوا ۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ برسوں کے دوران ہم یہ دیکھ رہے ہیں کہ ریاست کی خصوصی شناخت کو مسخ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

انہو ں نے کہاکہ سیاسی مفادات کے لئے ریاست کی خصوصی دفعات جیسے 340پر لگاتار حملے کئے جارہے ہیں۔انہو ں نے ملک میں ہندوتوا کے مبینہ فروغ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں سی بی ائی جیسے آزاد اداروں کو بھی تباہ کیاجارہا ہے۔

انہو ں نے ریاست کے مختلف خطوں کو ایک دوسرے کے خلاف لڑوانے والوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہاکہ یہاں سیاسی منظرنامے کو بد ل دینے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ کی کسی بھی پیشکش کو خارج از امکان قراردیا۔ واضح رہے کہ شاہ فیصل نے سرکاری ملازمت سے استعفیٰ دیدیا ہے۔بتایاجارہا ہے کہ وہ جموں وکشمیر کی سب سے قیم سیاسی جماعت نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کرسکتے ہیں۔