کشائی گوڑہ میں کار نے فٹ پاتھ پر محوخواب غریب کو روند ڈالا

انجنیئرنگ میں زیر تعلیم شرابی لڑکیوں کی موج مستی‘ لاپراہی سے کار ڈرائیونگ‘موچی فوت ‘بیٹا زخمی

حیدرآباد ۔ 23اپریل ( سیاست نیوز) کشائی گوڑہ میں کل رات چند انجنیئرنگ طالبات کی موج مستی ‘ غفلت و لاپرواہی سے کار ڈرائیونگ نے ایک غریب موچی کی جان لے لی ۔ پولیس کے مطابق ایک بے گھر نوجوان 42سالہ اشوک کشائی گوڑہ کے فٹ پاتھ پر محوخواب تھا کہ ایک تیز رفتار اسکوڈا نے اس کو روند دیا ۔ یہ کار ایک لڑکی چلارہی تھی اور اس میں دیگر تین لڑکیاں سوار تھیں ۔ یہ تمام لڑکیاں انجنیئرنگ طالبات بتائی گئی ہیں جو اے ایس راؤ نگر میں اپنی ساتھی کی ایک پارٹی میں شرکت کے بعد واپس ہورہی تھیں ۔ بتایا گیا ہیکہ چند لڑکیاں حالت نشہ میں تھیں لیکن ایشانیا ریڈی جو کار چلا رہی تھی جو حالت نشہ میں نہیں تھی ۔ اس کار میں ایک لڑکی ہریشکا ریڈی بھی موجود تھی جو بتایا جاتا ہے کہ ملک پیٹ پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر کی بیٹی ہے ۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ غفلت و لاپرواہی سے کار ڈرائیونگ کے سبب یہ واقعہ پیش آیا ہے ۔ بعض مقامی افراد نے جو اس حادثہ کے وقت وہاں موجود تھے کہا کہ تمام لڑکیاں حالت نشہ میں تھیں اور ان کے والدین اپنی بیٹیوں کو بچانے کی ممکن کوشش کررہے تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سری ندھی انجنیئرنگ کالج کی یہ چار طالبات ایشانیا ریڈی 20سال ‘ سرجنا 19سال کے علاوہ ہریشاریڈی اور امروتا بھانو ایک اسکوڈا کار میں سوار تھے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق شہر کے نواحی علاقہ میں ان لڑکیوں نے ایک پارٹی میں شرکت کی اور سمجھا جارہا ہے کہ پارٹی میں کثر ت سے شراب نوشی کی اور کار میں بھی نشہ کی حالت میں موجود تھیں ۔ ملک پیٹ پولیس کے انسپکٹر نے ابتداء میں اس واقعہ کی پردہ پوشی کی کوشش کی لیکن مقامی عوام کے احتجاج کے بعد وہ کامیاب نہ ہوسکے ۔ اس واقعہ سے پولیس میں ہلچل ہوگئی ۔