۔15 اگسٹ سے اسکیم کے دستاویزات کی تقسیم ۔ یوم تاسیس کے موقع پر چیف منسٹر کا اعلان
حیدرآباد 2 جون ( پی ٹی آئی ) حکومت تلنگانہ نے آج کہا کہ وہ جلدی ہی کسانوں کیلئے پانچ لاکھ روپئے لائف انشورنس اسکیم کا اعلان کرے گی ۔ اس اسکیم کے تحت جو عوامی شعبہ کی انشورنس کمپنی لائف انشورنس کارپوریشن کے ذریعہ لاگو کی جائیگی کوئی بھی کسان اگر فوت ہوجاتا ہے تو اندرون دس یوم اس کے افراد خاندان کو پانچ لاکھ روپئے حاصل ہونگے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے یہ اعلان کیا ۔ انہوں نے یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کے موقع پر یہ اعلان کیا اور کہا کہ اس اسکیم کا جو بھی پریمیم ہوگا وہ پورے کا پورا ریاستی حکومت ادا کرے گی ۔ چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ کسانوں میں انشورنس اسکیم کیلئے دستاویزات کی تقسیم کا کام 15 اگسٹ سے شروع ہوگا ۔ قبل ازیں چیف منسٹر نے قومی پرچم لہرایا اور پریڈ کا معائنہ کیا ۔ تلنگانہ ریاست کا قیام 2 جون 2014 کو عمل میں آیا تھا جو آندھرا پردیش سے علیحدہ بنائی گئی تھی ۔ چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ 15 اگسٹ سے حکومت کی جانب سے کانتی ویلوگو اسکیم کے تحت مفت آنکھوں کے معائنے کے کیمپس بھی منعقد کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت مندوں میں عینکیں بھی مفت تقسیم کی جائیں گی اور ضرورت پڑنے پر مریضوں کے آپریشن بھی مفت کئے جائیں گے ۔ ریاستی حکومت نے قبل ازیں فیصلہ کیا تھا کہ یوم تاسیس کے موقع پر تنخواہوں پر نظرثانی کی بجائے عبوری ریلیف فراہم کی جائے گی تاہم بعد میں اس اعلان کو موخر کردیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر نے کل رات اس سلسلہ میں اعلی عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں عہدیداروں نے تجویز کیا کہ فی الحال عبوری ریلیف کا اعلان کرنا مناسب نہیںہوگا کیونکہ حال ہی میں تشکیل دئے گئے پے رویژن کمیشن نے ابھی اپنی رپورٹ پیش نہیں کی ہے ۔ ایک سرکاری اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ۔ یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر حکومت کی جانب سے کئی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کا تذکرہ کیا جو گذشتہ چار سال سے نافذ العمل ہیں۔ ان اسکیمات میں سوشیل سکیوریٹی پنشن ‘ کلیان لکشمی اسکیم ‘ 24 گھنٹے مفت برقی سربراہی اسکیم ‘ لینڈ ریکارڈز کو بہتر بنانا اور مشن بھاگیرتا اسکیم وغیرہ بھی شامل ہیں۔ ریاست میں یوم تاسیس تقاریب کا اپوزیشن جماعتوں کانگریس ‘ تلگودیشم ‘ بی جے پی کے دفاتر کے علاوہ کئی سرکاری دفاتر میں بھی انعقاد عمل میں آیا ۔ شہر میں سرکاری دفاتر کو روشنیوں سے منور کیا گیا تھا ۔