کرنول میں تبلیغی جماعت کے اجتماع کا اختتام

حیدرآباد ۔ 10 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) عالمی امن کے لئے اے پی کے ضلع کرنول میں منعقدہ تبلیغی جماعت کے بین الاقوامی اجتماع کا آج اختتام عمل میں آیا ۔اس اجتماع میں 25 لاکھ افراد نے شرکت کی۔ اجتماع کے لئے کرنول کے نواح میں ننور ٹول گیٹ کے قریب تین ہزارایکڑ اراضی الاٹ کی گئی تھی۔اس اجتماع میں ملک کے کئی مقامات سے لاکھوں افراد نے شرکت کی۔اس اجتماع کے سلسلہ میں اے پی کے وزیراعلی این چندرابابونائیڈو نے تمام مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ریاست کی اقلیتوں کیلئے فلاحی کام حکومت نے انجام دیئے ہیں جس کی مثال ملک کی کسی بھی ریاست میں نہیں ملتی۔آندھراپردیش کے وزیر این محمد فاروق وزیراعلی کی ہدایت پر اجتماع گاہ پہنچ کر انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ اجتماع میں 13 ممالک کے افراد نے بھی شرکت کی ۔حکومت نے اجتماع کے لئے 10 کروڑ 40 لاکھ روپے مختص کئے ۔ 30 لاکھ افراد کے لئے 104 ایکر پر 50 لاکھ اسکوائر فیٹ کا ٹینٹ ڈالا گیا۔600 ایکر پر پارکنگ اور 45 فوڈ سنٹرس قایم کئے گئے ہیں۔رکن اسمبلی ایس وی موہن ریڈی نے کہا کہ یہ ایک تاریخی اجتماع ہے اور حکومت نے پہلی مرتبہ کسی مذہبی اجتماع کیلئے اتنی بڑی رقم منظور کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے اہم رہنماؤں نے اس خصوص میں ان کے ساتھ چندرابابونائیڈو سے ملاقات کی تھی۔ان کے مطالبہ پر مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے چندرابابونائیڈو نے یہ رقم منظور کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ کرنول میں اس طرح کا اجتماع منعقد کیاگیا ۔ریاستی حکومت نے ملک کے کونے کونے سے اس اجتماع میں شرکت کیلئے آنے والے افرادکے لئے مناسب انتظامات کئے تھے ۔