کرنسی بحران پر کانگریس کی جانب سے احتجاجی مظاہرے

آر بی آئی کے علاقائی ڈائرکٹر کو یادداشت کی پیشکشی ۔ وزیر اعظم پر اتم کمار ریڈی کی تنقید
حیدرآباد ۔ 28 نومبر ( سیاست نیوز) کانگریس کی جانب سے نوٹوں کی منسوخی پر عوامی مسائل کے خلاف آج تلنگانہ میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ محمد علی شبیر نے 6دن میں مودی اور کے سی آر کی تین ملاقاتوں پر شکوک کا اظہار کرتے ہوئے خفیہ ایجنڈے کی عوام سے وضاحت کرنے پر زور دیا ۔ کیپٹن اُتم کمار ریڈی نے کرنسی بحران کے دوران فوت ہونے والوں کو فی کس 10لاکھ روپئے ایکس گریشیا فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار کی قیادت میں آر بی آئی کے سامنے احتجاجی دھرنا منظم کیا گیا جس میں قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی ( اسمبلی) ‘ محمد علی شبیر ( کونسل ) ‘ ورکنگ پریسیڈنٹ ملو بٹی وکرامارک سابق صدور تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی وی ہنمنت راؤ ‘ پنالہ لکشمیا ‘ سابق مرکزی وزیر سروے ستیہ نارائنا ‘ سابق وزراء سبیتا اندرا ریڈی ‘ ڈی ناگیندر ‘ ایم ششی دھر ریڈی جنرل سکریٹریز تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ایس کے افضل الدین ‘سید عظمت اللہ حسینی صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد خواجہ فخر الدین ‘ صدر گریٹر سٹی کانگریس شیخ عبداللہ سبیل ‘سابق سکریٹری سعادت حسین کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ کیپٹن اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ منصوبہ تیار کئے بغیر کئے گئے فیصلہ سے ملک کے عوام پریشان ہیں ۔ اتم کمار ریڈی نے پارٹی کے سینئر قائدین کے ساتھ آر بی آئی کے ریجنل اگزیکٹیو ڈائرکٹر آر این داس کو یادداشت پیش کی ۔ اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ ملک میں کرنسی بحران جاری ہے ۔ عوام پریشان مررہے ہیں مگر وزیراعظم پارلیمنٹ سے غائب ہیں ۔ اپوزیشن کا سامنا کرنے کے بجائے راہ فرار اختیار کررہے ہیں ۔ قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر نے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر اور وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان صرف 6دن میں تین ملاقاتوں پر شکوک کا اظہار کرتے ہوئے ملاقات کے خفیہ ایجنڈہ کو عوام کے سامنے پیش کرنے کا چیف منسٹر کے سی آر سے مطالبہ کیا ۔ نوٹ بندی کے 20دن بعد بھی عوامی مسائل پر چیف منسٹر کی خاموشی کو معنی خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر اور وزیراعظم کی تین ملاقاتوں کے باوجود بینک اور اے ٹی ایم کے سامنے قطاروں میں ٹھہرنے والے عوام کے کوئی مسائل حل نہیں ہوئے ۔ انہوں نے نئی کرنسی کی پرنٹنگ میں غلطیوں کے اعتراف کے باوجود اس کے استعمال کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم نوٹ بندی کو سیاسی حربہ کے طور پر استعمال کررہے ہیں ۔ 20دن گزرنے کے باوجود عوام کے مسائل جوں کے توں  برقرار ہے ۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ عوام میں شکوک پائے جاتے ہیں کہ چیف منسٹر کے سی آر نے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرتے ہوئے اپنی بڑی منسوخ شدہ کرنسی کے بارے میں معاملت طئے کرچکے ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف عوامی مسائل کو نظرانداز کررہے ہیں بلکہ وزیراعظم کے فیصلہ کی کھل کر مدافعت کررہے ہیں ۔