لوک سبھا اور اسمبلی کی پانچ کے منجملہ چار پر حکمراں اتحاد کا قبضہ، بی جے پی کو ایک نشست
بنگلور 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک میں حکمراں جے ڈی ایس ۔ کانگریس اتحاد نے رائے دہندوں کی مثالی تائید حاصل کرلی اور اس کے امیدواروں نے اسمبلی کی دونوں نشستوں اور لوک سبھا کی تین کے منجملہ دو حلقوں پر شاندار فتح حاصل کی جہاں ہفتہ کو انتہائی تلخ مقابلہ آرائی میں ووٹ ڈالے گئے تھے۔ 2019 ء کے عام انتخابات سے قبل یہ ضمنی انتخابات اصل اپوزیشن جماعت بی جے پی کے لئے ایک بڑا دھکہ ثابت ہوئے جس میں لوک سبھا سے بھی اُس کو شکست ہوگئی جو بی جے پی کے بااثر قائدین اور شعبہ کانکنی کی انتہائی متنازعہ شخصیات ریڈی برادران کا طاقتور گڑھ بھی ہے جہاں کانگریس کے وی ایس اوگرپا کو بی جے پی کے قریبی حریف جے شانتا کے خلاف قابل لحاظ ووٹ کی اکثریت سے کامیابی حاصل ہوئی۔ شانتا بی سری راملو کی بہن ہیں۔ بی جے پی کو صرف شیوا موگا میں سبقت حاصل ہوئی تھی جو اپوزیشن لیڈر بی ایس یدی یورپا کا طاقتور گڑھ ہے اور ان کے بیٹے بی وائی راگھویندرا کو جے ڈی (ایس) کے مدھو بنگارپا کے خلاف 51000 ووٹوں سے کامیابی ملی۔
مدھو کانگریس کے سابق چیف منسٹر آنجہانی ایس بنگارپا کے بیٹے ہیں۔ چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی کی شریک حیات انیتا نے حلقہ رام نگر سے 1,09,137 کی ریکارڈ اکثریت سے کامیابی حاصل کی جہاں سے اُن کے قریبی حریف بی جے پی امیدوار ایل چندرشیکھر درمیان میں ہی مقابلے سے دستبردار ہوگئے تھے لیکن تکنیکی اعتبار سے بی جے پی کے امیدوار کی حیثیت سے برقرار تھے۔ کمارا سوامی جو دو حلقوں سے منتخب ہوئے تھے چن پٹن پر قبضہ برقرار رکھتے ہوئے رام نگر حلقہ کو چھوڑ دیا تھا۔ حلقہ جامکھنڈی میں کانگریس کے امیدوار شیام کوڑا نے بی ے پی کے سریکانت کلکرنی کو 39,480 ووٹوں کی اکثریت سے شکست دی جنہیں اُن کے والد اور اس حلقہ کے رکن اسمبلی سدونیاما گوڑا کی ایک سڑک حادثہ میں ہلاکت کے سبب عوامی ہمدردی بھی حاصل ہوئی تھی۔ 224 رکن اسمبلی میں جے ڈی (ایس) ۔ کانگریس اتحاد کے ارکان کی تعداد آج کی فتح کے بعد 120 تک پہونچ گئی جہاں بی جے پی کے 104 ارکان ہیں۔ حلقہ لوک سبھا مانڈیا سے جے ڈی (ایس) امیدوار ایل شیوا رائے گوڑا کو بی جے پی کے سیاسی نووارد امیدوار سدارامیا کے مقابلہ زائداز 3.2 لاکھ ووٹوں سے کامیابی حاصل ہوئی۔ مانڈیا، ووکالیگا برادری کا طاقتور سیاسی گڑھ ہے۔ جے ڈی (ایس) سربراہ اور سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا بھی اسی برادری سے تعلق رکھتے ہیں۔ کرناٹک کانگریس کے صدر دنیش گنڈو راؤ نے دعویٰ کیا ہے کہ ضمنی انتخابات کے نتائج سے بی جے پی سے عوام کی بیزارگی کا اظہار ہوتا ہے۔