کرناٹک تو صرف ایک ٹرئیلر، اصل سینما 2019 میں ہوگا: نارا لوکیش

حیدرآباد۔/23مئی، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی نارا لوکیش نے کہا کہ کرناٹک اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے ساتھ کیا ہوا وہ تو صرف ایک ٹرئیلر ہے اصل سینما تو 2019 کے عام انتخابات میں ہوگا۔ دھرما پوراٹم سبھا سے خطاب کرتے ہوئے نارا لوکیش نے کہا کہ تلگو عوام نے تم کو صرف ٹرئیلر دکھایا ہے ۔ کرناٹک انتخابات میں بی جے پی کو جو دھکہ لگا ہے اس کا اصل سود سمیت 2019 میں دیا جائے گا۔ لوکیش نے مزید کہا کہ تلگودیشم نے 2014 میں بی جے پی سے اس امید کے ساتھ اتحاد کیا تھا کہ وہ مرکزمیںنئی حکومت ہوگی اور ریاست کی مدد کرے گی لیکن یہ سب فضول ثابت ہوا۔ ہم نے بی جے پی کو طاقتور ہونے کا موقع دیا تھا جووارڈ ممبرس کو تک کامیاب نہیں کراسکتی اس کو تلگودیشم نے سہارا دیا تھا۔ بی جے پی ارکان اسمبلی اور ایم ایل سی کو کامیاب بنانے میں تلگودیشم نے ہی مدد کی لیکن بی جے پی نے تلگو عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ریاست میں سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی بھی پارٹی کواقتدار حاصل نہیں کراسکتی تھیں۔