نئی دہلی۔ 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال نے آج یہاں اپنے نائب منیش سیسوڈیا کے ساتھ شہر میں سی بی ایس ای 12 ویں جماعت کے امتحانات کے ٹاپرس سے ملاقات کی۔ چیف منسٹر دہلی نے بعدازاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے مستقبل کیلئے عام آدمی پارٹی کی حکومت نے بچوں پر سرمایہ کاری کررہی ہے۔ ان کی حکومت اپنے قیام کے پہلے ہی سال تعلیمی شعبہ کے بجٹ کو دوگنا کیا تھا۔ بچوں کی تعلیم کیلئے فراہم کی جانے والی رقومات، خرچہ یا مصارف نہیں بلکہ مستقبل کیلئے کی جانے والی سرمایہ کاری ہے۔ کجریوال اور سیسوڈیا نے جو دہلی کے وزیر تعلیم بھی ہیں، سی بی ایس ای 12 ویں جماعت کے ٹاپرس بھارتی راگھو، دہلی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے بس ڈرائیور کے بیٹے پرنس کمار کے علاوہ پراچی پرکاش اور چترا کوشک سے ان کے گھروں پر پہنچ کر ملاقات کی۔ چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر نے دریا گنج میں واقع یتیم خانہ پہنچ کر شہناز سے بھی ملاقات کی۔ یہ لڑکی ووکیشنل اسٹریم کے امتحانات میں امتیازی کامیابی حاصل کی ہے۔ سی بی ایس ای 12 ویں جماعت کے امتحانات میں دہلی میں کامیابی کا فیصد 89 رہا۔ لڑکیوں نے 93.19% کامیابیوں کے ساتھ (84.93% کامیاب) لڑکوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔