ودھرا ۔ /11 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی کثرت میں وحدت کوایک شاندار میراث قرار دیتے ہوئے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے کہا کہ یہ کثیر الوجود اقوام والا ملک کوئی مسئلہ نہیں ہے جیسا کہ خارجی طاقتیں سمجھتی ہیں ۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ تمام تہواروں کو پورے جوش و جذبہ کے ساتھ منائیں ۔ ہمارے ملک کے تمام مذاہب ہی اس ملک کے اتحاد کو مضبوط بناتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ تنگ نظر اور کوتاہ ذہن ہوتے ہیں وہ ہی رنگ ، نسل ، زبان وغیرہ کی بنیاد پر دنیا کو تقسیم کرتے ہیں ۔ لہذا ہندوستانیوں کو چاہئیے کہ وہ ساری دنیا کے ایک خاندان ہونے کا پیام عام کریں ۔ وہ یہاں ایک جلسہ سے خطاب کررہے تھے ۔ سدی ونائک مندر میں منعقدہ جلسہ میں وزیر دفاع منوہر پاریکر بھی موجود تھے ۔ بھاگوت نے کہا کہ خارجیوں نے ہمیشہ حیرت کا اظہار کیا ہے کہ آخر ہندوستانی عوام اس طرح کے کثیر الوجود معاشرہ میں کس طرح رہتے ہیں ۔ یہاں تک برطانیہ کا بھی ایقان تھا کہ اگر انہیں آزادی دی گئی تو وہ آپس میں لڑجھگڑیں گے لیکن ایسا نہیں ہوا ۔
ہم اس کثیر الوجود معاشرہ کو ایک نعمت سمجھ کر جشن مناتے ہیں ۔ کثیرالوجود معاشرہ ہمارے لئے کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔ سچائی یہی ہے کہ ہم کو آپ کو اس حقیقت کو تسلیم کرنا ہی ہے ۔ یہی ہندوستان کی شناخت ہے ۔