کانگریس کے شکتی پروگرام سے 22 لاکھ افراد کو مربوط کرنے پر زور

جدید ٹکنالوجی کے استعمال میں حریفوں سے ایک قدم آگے رہنے کا مشورہ ، چدمبرم کا خطاب
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے سینئیر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں ٹکنالوجی اہم رول ادا کرے گی ۔ تلنگانہ میں 22 لاکھ افراد کو شکتی پروگرام سے جوڑتے ہوئے انتخابی تیاریاں شروع کرنے کا مشورہ دیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی کی صدارت میں گاندھی بھون میں منعقدہ شکتی پروگرام میں ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر اے آئی سی سی ڈاٹا انلائٹک ہیڈ پروین چکرورتی قائدین اپوزیشن کے جانا ریڈی ( اسمبلی ) محمد علی شبیر ( کونسل ) سابق صدور پردیش کانگریس کمیٹی وی ہنمنت راؤ ، پنالہ لکشمیا تلنگانہ شکتی ایپ انچارج و رکن اسمبلی رام موہن ریڈی ، رکن اسمبلی پدماوتی ریڈی ، سابق وزراء ایم ششی دھر ریڈی ، سنیتا لکشما ریڈی صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ پی چدمبرم نے کہا کہ ملک کے تازہ سیاسی حالت میں ٹکنالوجی اہم رول ادا کررہی ہے ۔ ہمارے سیاسی حریف ٹکنالوجی کے استعمال میں ہم سے ایک قدم آگے ہیں ۔ ان کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں بھی ٹکنالوجی سے بھر پور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ تلنگانہ میں تقریبا 2.2 کروڑ رائے دہندے ہیں کم از کم 10 فیصد رائے دہندوں کے نام شکتی ایپ میں رجسٹرار کرنے پر زور دیا ۔ سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ 119 اسمبلی حلقوں میں صرف ایک لاکھ افراد کا شکتی ایپ میں اندراج بہت کم ہے ۔ کم از کم 22 لاکھ رائے دہندوں کو شکتی ایپ میں رجسٹرار کرنے کی صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کو ہدایت دی ۔ ہر پولنگ بوتھ سے کم از کم 25 افراد کو شامل کرنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال ملک میں 7 کروڑ نئے ووٹ رجسٹر ہورہے ہیں ۔ وہ تمام نوجوان ہیں اور انہیں ٹکنالوجی سے واقفیت ہے ۔ نوجوانوں کی تائید حاصل کرنے میں پارٹی کیڈر کو جوابدہ رول ادا کرنے پر زور دیا ۔

صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے پارٹی کیڈر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ سے شکتی ایپ میں ایک لاکھ رجسٹریشن ہوئے ۔ اس پروگرام میں مزید شدت پیدا کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ پارٹی کارکنوں کو شکتی پروگرام سے جوڑنے کے لیے متحرک ہوجانے کا پارٹی کیڈر کو مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ پارٹی کیڈر کے جوش و خروش سے اس کا اندازہ ہوتا ہے ۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں اور حامیوں کو ووٹر آئی ڈی کارڈ نمبر کو 7996179961 موبائل نمبر پر ایس ایم ایس کرتے ہوئے شکتی ایپ سے اندراج کرانے پر زور دیا اور کہا کہ وہ دہلی میں صدر کانگریس راہول گاندھی سے ملاقات کرچکے ہیں جنہوں نے شکتی ایپ پروگرام کو کامیاب بنانے پر زور دیا ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں پی چدمبرم کا رول ناقابل فراموش ہے ۔ صدر کانگریس راہول گاندھی کی ہدایت پر شکتی پروگرام کا جائزہ لینے پی چدمبرم تلنگانہ اور کرناٹک کے دورے پر ہے ۔۔