کانگریس کو اپوزیشن کا عہدہ نہیں ملے گا : ہریش راؤ

تمام سروے ٹی آر ایس کے حق میں، گجویل میں پارٹی کی انتخابی مہم ، ریالی سے خطاب
حیدرآباد ۔10۔ اکتوبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے یقین کا اظہار کیا کہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی کو اپوزیشن کا عہدہ بھی حاصل نہیں ہوگا۔ عوام کانگریس زیر قیادت عظیم اتحاد کو مسترد کردیں گے۔ ہریش راؤ نے آج کے سی آر کے انتخابی حلقہ گجویل کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کے علاوہ ریالی میں شرکت کی۔ کانگریس زیر قیادت اتحاد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ ناکامی کے خوف سے یہ اتحاد بنایا جارہا ہے۔ تلنگانہ کی مخالفت کرنے والی تلگو دیشم پارٹی سے اتحاد شرمناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کانگریس کو کامیابی کا یقین ہوتا تو وہ تنہا مقابلہ کرتی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے کیلئے ٹی آر ایس کے خلاف اتحاد قائم کیا گیا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام ریاست میں دوبارہ کے سی آر اور ٹی آر ایس کا اقتدار چاہتے ہیں۔ قومی میڈیا نے گزشتہ دنوں جو سروے کیا ہے ، اس میں ٹی آر ایس کی کامیابی کی پیش قیاسی کی گئی ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی اگر دوبارہ برسر اقتدار آتی ہے تو ترقی کی راہ میں رکاوٹ پیدا ہوگی۔ انہوں نے عوام سے سوال کیا کہ انہیں مقامی طور پر اقتدار چاہئے یا وہ دہلی کی غلامی پسند ہے۔ جگدیو پور منڈل کے مختلف مواضعات میں ہریش راؤ نے ریالی منظم کی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ووٹ کا صحیح استعمال کرتے ہوئے کانگریس کو سبق سکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس امیدواروں کو ڈپازٹ بھی نہیں آئے گا۔ تلنگانہ کی مخالفت کرنے والی پارٹی سے اتحاد کے بعد کانگریس کو ووٹ مانگنے کا اخلاقی حق نہیں ہے۔ انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ بتکماں تہوار کی ساڑیوں کی تقسیم میں رکاوٹ پیدا کرنے پر کانگریس کو سبق سکھائیں۔ جگہ جگہ ہریش راؤ کا استقبال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کے ذریعہ تلنگانہ کے تمام اضلاع کو پانی سیراب کیا جارہا ہے ۔ ہریش راؤ نے کانگریس پر پراجکٹس کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کے سی آر کو بھاری اکثریت سے منتخب کریں تاکہ گجویل کی ہمہ جہتی ترقی ہوسکے۔