کے سی آر اور مودی ایک سکہ کے دو رخ ۔ اقلیتی تعلیمی اداروں کا اجلاس ۔ اُتم کمار ریڈی کاخطاب
حیدرآباد 17ستمبر ( سیاست نیوز ) پردیش کانگریس صدر اُتم کمار ریڈی نے تیقن دیا کہ کانگریس اقتدار میں آنے کے بعد اقلیتوں کے حقوق اور مفادات کا تحفظ کیا جائے گا ۔ بالخصوص اقلیتی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل کی فوری یکسوئی کی جائیگی ۔ اتم کمار آج سہ پہر نظام کلب میں تلنگانہ اقلیتی تعلیمی اداروں کے ذمہ داروں کے اجلاس سے مخاطب تھے ۔ جناب ظفر جاوید ‘ نواب قدرت جاہ بہادر ‘ سید عامر جاوید اور غوث محی الدین آزاد شہ نشین پر موجود تھے جبکہ شرکاء میں ڈاکٹر میر اکبر علی خاں ‘ محمد جعفر نظام گروپ ‘ مسعود عبدالقادر ‘ زہرہ صبوحی VIF کالج ‘ سید خورشید احمد میدک کالج آف انجنیئرنگ ‘ محمد عقیل مونا کالج ‘ حبیب احمد ( ایم آر ایم ) ‘ محسن القرموشی کالج ‘ فائق احمد ‘ حیدرآباد پریسڈنسی کالج ‘ قیوم خان پریسیڈنسی کالج کے بشمول اضلاع کے سربراہان اقلیتی ادارے موجود تھے ۔ اُتم کمار ریڈی نے افسوس کا اظہار کیا کہ اقلیتی تعلیمی ادارے جو قوم کو تعلیم یافتہ بنانے جدوجہد کررہے ہیں جو اپنی سرمایہ کاری سے اپنے وسائل استعمال کرکے تعلیمی ادارے قائم کررہے ہیں ‘ انہیں مختلف طریقوں سے ستایا جارہا ہے اور جس کی وجہ سے ریاست کے کئی اقلیتی ادارے بند کردیئے گئے ۔ انہوں نے اقلیتی تعلیمی اداروں کو بلڈنگ ٹیکس ‘ کمرشیل ٹیکس سے مستثنی کرنے کے مطالبہ سے اتفاق کیا ۔ کانگریس دور حکومت میں اس پر عمل کا تیقن دیا ۔ اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ غریبوں کو تعلیم سے محروم کرنے کی ایک سازش کے طور پر اقلیتی تعلیمی اداروں کیلئے مسائل پیدا کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے اس پر اسمبلی میں آواز اٹھانے کی کوشش کی مگر اسمبلی میں بات کرنے کا موقع نہیں دیا جاتا ۔ مسٹر ریڈی نے یقین دلایا کہ کانگریس دور میں باصلاحیت ‘ ہنرمند نوجوانوں کو روزگار کے حصول میں مکمل تعاون کیا جائے گا ۔ انہوں نے چیف منسٹر کے سی آر پر ہر محاذ پر ناکامی اور اقلیتوں سے وعدوں کی عدم تکمیل کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہاکہ ہر سال افطار کے موقع پر وہ اقلیتوں سے وعدہ کرتے ہیں کہ اگلے افطار تک تحفظات کے بشمول دوسرے مطالبات کی تکمیل کردی جائے گی ۔ تاہم وہ موقع نہیں آیا اور حکومت برخواست کردی گئی ۔ اُتم کمار نے کہاکہ دراصل کے سی آر الیکشن کے بعد بی جے پی سے مفاہمت کرنے والے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کے سی آر نے بی جے پی کے ہر اقدام کی حمایت کی درحقیقت کے سی آر اور مودی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں ۔ جناب ظفر جاوید نے خیرمقدم کیا اور اقلیتی تعلیمی اداروں کے مسائل سے واقف کروایا ۔ غوث محی الدین آزاد نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کی اقلیتی تعلیمی اداروں سے بے اعتنائی کی وجہ سے جے این ٹی یو سے الحاق کم و بیش 40 ذیلی کالجس بند کردیئے گئے ہیں ۔ جناب عامر جاوید نے شکریہ ادا کیا ۔مختلف اداروں کے ذمہ داروں نے انہیں یادداشت پیش کی اور اپنے مسائل بیان کئے ۔