تلنگانہ عزت نفس کی خاطر اپوزیشن اتحاد کو شکست دینے عوام سے کارگذار چیف منسٹر کی اپیل
حیدرآباد4 اکٹوبر ( این ایس ایس ) کارگذار چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کانگریس پارٹی تلنگانہ کیلئے ایک لعنت اور بد دعا ہے ۔ نلگنڈہ میںریاستی وزیر جی جگدیش ریڈی کے ساتھ ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے چندرشیکھرراؤ نے سابقہ کانگریس حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اس نے نلگنڈہ کے عوام کو ناگرجنا ساگر پراجیکٹ کے نام پر دھوکہ دیا ہے ۔ اس پراجیکٹ کو آندھرا کی سمت 19کیلومیٹر نیچے کردیا گیا ہے اور تلنگانہ علاقہ کو محروم کردیا گیا ہے ۔ ان قائدین نے تلنگانہ کو ناگرجنا ساگر میں اس کا حصہ دلانے کے خلاف سازش کی تھی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ نلگنڈہ ضلع میں کھڑی فصلوں کیلئے گوداوری کا پانی دیا جائیگا ۔ کے سی آر نے انسانی وسائل اور پیشہ ورانہ برادریوں کے زوال کیلئے آندھرائی حکمرانوں کو ذمہ دار قرار دیا جنہوں نے پولیس کو مجبور کیا کہ وہ تلنگانہ حامیوں کو ہلاک کریں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس اور تلگودیشم کے حکمرانوں نے تلنگانہ علاقہ کو تباہ کردیا اور علاقہ کی فلاح و بہبود کو نظر انداز کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ آندھرائی حکمرانوں نے کئی مظالم ڈھائے ہیں جنہوں نے تلنگانہ سے نا انصافیاں کی ہیں اور اس کی وجہ سے تلنگانہ ہر شعبہ میں پیچھے رہ گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ نلگنڈہ ضلع میں فلورین کا مسئلہ بھی آندھرائی حکمرانوں کی وجہ سے پیدا ہوا تھا ۔ انہوںن ے مقامی کانگریس لیڈر کے علاوہ کے جانا ریڈی اورصدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ کچھ نہیں جانتے لیکن بے بنیاد الزامات عائد کر رہے ہیں۔ ٹی آر ایس حکومت ایک کروڑ ایکر اراضیات کو سیراب کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اس کیلئے آبپاشی پراجیکٹس کو مکمل کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے لیکن کانگریس بے شرمی کے ساتھ عدالتوں سے رجوع ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اتم کمار ریڈی نے پاور پوائنٹ پریزینٹیشن کے وقت اسمبلی سے دور رہنے میں عافیت سمجھی ۔ انہوں نے وزیر برقی جگدیش ریڈی کی ستائش کی اور کہا کہ وہ ہوسکتا ہے کہ اتم کمار ریڈی کی طرح دراز قد اور جانا ریڈی کی طرح طاقتور نہ ہوں لیکن وہ اتنے مستحکم ضرور ہیں کہ وہ علاقہ کی ترقی کویقینی بناسکیں۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ تلنگانہ کی عزت نفس کو بچانے کیلئے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کو شکست دیں۔ یہ مفاد پرست جماعتوں کا اتحاد ہے اور عوام کو چاہئے کہ وہ اس اتحاد کو شکست سے دو چار کردیں ۔