کانگریس نے رافیل، شیوسینا نے مندر، اے آئی اے ڈیم کے نے کسانوںکے مسئلے اٹھائے

دوسرے دن بھی پارلیمنٹ ہنگامے کی نذر

نئی دہلی-رافیل، رام مندر اور تملناڈو میں کاویری ڈیلٹا کے کسانوں کی مدد کرنے کے موضوع پر ہنگامے کے سبب آج مسلسل دوسرے دن بھی پارلیمنٹ ہنگامے کی نذر ہوگئی اور کوئی کام نہ ہوسکا۔ دونوں ایوانوں (راجیہ سبھا، لوک سبھا) کی کاروائی دن بھر کے لیے ملتوی کر دی گئی۔

لوک سبھامیں کانگریس نے رافیل، شیوسینا نے مندر، اے آئی اے ڈیم کے نے کسانوں کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے ہنگامہ کیا، جس کے سبب وقفۂ سوال میں دو مرتبہ ایوان کی کاروائی ملتوی کرنی پڑی اور پھر 12 بجے کے بعد ایوان کی کاروائی شروع ہوئی تو دن بھر کے لیے ملتوی کر دی گئی ۔

راجیہ سبھا میں صبح کاروائی شروع ہوتے ہی اے آئی ڈ ی ایم کے کے ارکان نے کاویری ندی پر باندھ بنانے کی مخالفت کرتے ہوئے کسانوں کا مسئلہ اٹھایا۔

اے آئی ڈ ی ایم کے کے علاوہ ڈی ایم کے ، کے ارکان بھی اسپیکر کی نشست کے قریب آ گئے اور ہنگامہ کرنے لگے ، جس کی وجہ سے ایوان کی کاروائی دن بھر کے لیے ملتوی کر دی گئی۔

سرمائی اجلاس کے پہلے دن سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کو خراج عقیدت پیش کر نے کے بعد دونوں ایوانوں کی کارائی ملتوی کر دی گئی۔ بعدکے دونوں دن بھی پارلیمنٹ میں کوئی کام کاج نہیں ہو سکا۔ ادھر  پارلیمنٹ ہاؤس پر دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والے 9 لوگوں کو آج راجیہ سبھا میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ 13 دسمبر 2001 کو پارلیمنٹ ہاؤس پر دہشت گردانہ حملے میں 9 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں دہلی پولیس کے پانچ جوان، ایک خاتون سکیورٹی اہلکار، ایک مالی اور ایک کیمرہ پرسن شامل تھے ۔مسٹر نائیڈو نے کہا کہ جمہوریت کے اس مندر کی حفاظت کے لئے ان لوگوں نے ڈیوٹی کے دوران اپنی جانوں کی عظیم قربانی دی تھی۔

انہوں نے اس حملے کی سخت مذمت کی۔ بعد میں ارکان نے کھڑے ہوکر خاموشی اختیار کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ واضح رہے کہ 13 دسمبر 2001 کو پانچ دہشت گردوں نے پارلیمنٹ ہاؤس پر حملہ کر دیا تھا۔

وہ پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے لیکن سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں وہ سبھی مارے گئے تھے ۔

ادھر وزیراعظم نریندر مودی نے پارلیمنٹ حملے کے شہیدوں کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

مسٹر مودی نے جمعرات کے روز پارلیمنٹ ہاؤس پر حملے کی برسی کے موقع پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ‘‘ہم ان لوگوں کی بہادری کو سلام کرتے ہیں جو سال 2001 میں پارلیمنٹ پر ہوئے حملے میں شہید ہوئے تھے ۔

ان کی ہمت اور بہادری ہر ہندوستانی کو ترغیب دیتی ہے ’’۔واضح رہے کہ 13 دسمبر 2001 کو پارلیمنٹ پر ہوئے دہشت گردانہ حملے میں پارلیمنٹ ہاؤس کے گارڈ اور دلی پولیس کے جوان سمیت 9 لوگ  ہلاک  ہوئے تھے