مکان کا دروازہ توڑکر حراست میں لینے پر ہائیکورٹ کی برہمی
حیدرآباد ۔ /4 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ اے ریونت ریڈی کو حیدرآباد پولیس نے حلقہ اسمبلی کوڑنگل میں واقع ان کی قیامگاہ سے صبح کی اولین ساعتوں میں گرفتار کرلیا ۔ لیکن چیف الیکٹورل آفیسر مسٹر رجت کمار کی ہدایت پر انہیں آج دوپہر رہا کردیا گیا ۔ تفصیلات کے بموجب ریونت ریڈی کو حیدرآباد کی ٹاسک فورس پولیس کی ایک ٹیم نے ان کے مکان میں داخل ہوکر صبح 3 بجے انہیں گرفتار کرکے جڑچرلہ پولیس ٹریننگ کالج میں محروس رکھا ۔ پولیس نے دعویٰ کیا کہ کارگذار چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے حلقہ اسمبلی کوڑنگل میں /4 ڈسمبر کو منعقدہ جلسہ عام کے موقع پر ریونت ریڈی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے عوام سے اس جلسہ عام کو روکنے کی اپیل کی تھی ۔ جس کے خلاف ٹی آر ایس نے الیکشن کمیشن سے شکایت درج کروائی تھی ۔ گرفتاری کے بعد پولیس نے یہ بتایا کہ الیکشن کمیشن نے یہ ہدایت دی ہے کہ ریونت ریڈی کی احتیاطی گرفتاری عمل میں لائی جائے ۔ پولیس نے ریونت ریڈی کے مکان میں دروازہ توڑکر داخل ہونے کے بعد انہیں جبراً اپنی حراست میں لیکر پہلے ایک نامعلوم مقام منتقل کیا اور بعد ازاں جڑچرلہ پولیس ٹریننگ کالج میں محروس رکھا ۔ کانگریس کے شعلہ بیان مقرر ریونت ریڈی کی اچانک گرفتاری کے بعد کانگریس پارٹی نے ہائیکورٹ سے رجوع ہوکر ان کی رہائی کی درخواست کی جبکہ ہائیکورٹ نے جس طرح سے ریونت ریڈی کی گرفتاری عمل میں لائی گئی اس پر برہمی کا اظہار کیا اور کس بنیاد پر انہیں حراست میں لینے کی وجہ طلب کی ۔ اسی دوران چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار نے ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ مسٹر مہندر ریڈی کو ہدایت جاری کرتے ہوئے ریونت ریڈی کو فوری رہا کرنے کا حکم دیا ۔ جس کے نتیجہ میں پولیس نے کانگریس لیڈر کو آج دوپہر رہا کردیا ۔