کانگریس صدر راہل گاندھی نے گوا وزیر اعلیٰ منوہر پاریکر کی عیادت کی ۔ جلد صحتیاب ہونے کی دعا کی ۔

رافیل ڈیل سے متعلق ایک آڈیوٹیپ پرجاری تنازعہ کے درمیان کانگریس صدرراہل گاندھی نے منگل کوگوا کے وزیراعلیٰ منوہرپاریکرسے ملاقات کی۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس ملاقات میں راہل گاندھی نے رافیل ڈیل کا موضوع اٹھایا۔ وہیں گوا کانگریس کے لیڈروں نے بتایا کہ راہل گاندھی نجی دورے پرہیں اورمنوہرپاریکرکی صحت سے متعلق خیریت دریافت کرنے پہنچے تھے۔

منوہرپاریکرسے ملاقات کو ذاتی ملاقات بتاتے ہوئے راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا "آج صبح میں نے گوا کے وزیراعلیٰ منوہرپاریکرسے ملاقات کی۔ میں نے ان کے جلد صحتیاب ہونے کی دعا کی۔ یہ ایک نجی دورہ تھا”۔  کانگریس صدرنے آگے لکھا کہ آج وہ کوچی میں کیرل کے بوتھ کمیٹی ارکان کو خطاب کرنے والے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ ان کی عوامی تقریب کا ان کے سرکاری فیس بک پیج سے لائیونشرہوگا۔

راہل گاندھی نے ایک دن پہلے ہی ٹوئٹ کیا تھا کہ گوا کےایک وزیرکے مبینہ بات چیت والا آڈیو ٹیپ سامنےآنےکے30 دنوں بعد بھی کوئی ایف آئی آردرج نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے لکھا تھا "رافیل پرآڈیو ٹیپ جاری ہونےکے 30 دن بعد بھی کوئی ایف آئی آردرج نہیں کی گئی یا جانچ کا حکم نہیں دیا گیا۔ وزیرکےخلاف بھی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ کانگریس صدرنےآگے لکھا "یہ طے ہےکہ ٹیپ اصلی ہےاورگوا کے وزیراعلیٰ کے پاس رافیل پرخفیہ جانکاریاں ہیں، جووزیراعظم کے مقابلے ان کو طاقتوربناتی ہیں۔

واضح رہے کہ کانگریس نے دوجنوری کوایک آڈیوجاری کیا تھا، جس میں گوا حکومت کے وزیروشوجیت رانے کی آوازہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ اس میں رانے مبینہ طورپریہ کہتے ہوئے سنے جاسکتے ہیں کہ وزیراعلیٰ (منوہرپاریکر) نے کابینہ کی میٹنگ میں کہا کہ میرے بیڈ روم میں رافیل معاملے کی سبھی جانکاریاں ہیں۔ بعد میں رانے نے آڈیو ٹیپ کوفرضی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس ٹیپ کے ساتھ چھیڑچھاڑکی گئی ہے۔