راہول گاندھی ، غلام نبی آزاد ، نتیش کمار ، لالو یادو کا اظہارتعزیت
کشن گنج (بہار) ۔ 7 ڈسمبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام) عالم دین اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ مولانا اسرارالحق قاسمی کا جمعہ کو کشن گنج کے گاؤں میں واقع ان کی گھر میں جمعہ کو قلب پر حملے کے سبب انتقال ہوگیا۔ وہ 76 برس کے تھے ، پسماندگان میں دو فرزند اور تین دختران شامل ہیں۔ مولانا اسرارالحق قاسمی جمعیتہ العلمائے ہند بہار یونٹ کے سابق صدر اور آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے رکن بھی تھے ۔ وہ 2009 ء میں پہلی مرتبہ کشن گنج سے لوک سبھا کے لئے منتخب ہوئے تھے اور 2014 ء میں اس نشست پر قبضہ برقرار رکھا ۔ کانگریس کے صدر راہول گاندھی ، لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ملکارجن کھرگے ، راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد ، بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار ، آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو نے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔