ترقیاتی اسکیمات دکھائی نہیں دے رہی ہے،صرف تنقیدوں سے کچھ نہیں ہوگا
حیدرآباد ۔ 16 ۔ مئی (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی قائدین کو ریاست کی ترقی دکھائی نہیں دے رہی ہے ، لہذا ان کی آنکھوں کا معائنہ کرتے ہوئے انہیں اصل دھارے میں شامل کیا جائے گا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست بھر میں حکومت کی جانب سے آنکھوں کے معائنہ کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ عوام کے معائنوں کے ساتھ کانگریس اور بی جے پی قائدین کی آنکھوں کا معائنہ بھی کیا جائے گا۔ کے ٹی آر آج راجنا سرسلہ ضلع میں رعیتو بندھو اسکیم کے تحت کسانوں میں امدادی رقم کے چیک اور پٹہ دار پاس بک تقسیم کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلی مرتبہ کسی ریاست نے کسانوں کی بھلائی کیلئے امدادی رقم اسکیم کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال میں فی ایکر 8000 روپئے کی ادائیگی سے کسانوں پر معاشی بوجھ کم ہوگا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اس منفرد اسکیم کو تنقید کا نشانہ بنارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو حکومت کی کوئی بھی فلاحی اور ترقیاتی اسکیم دکھائی نہیں دے رہی ہے ، لہذا ان کی آنکھوں کا معائنہ ضروری ہے۔ کے ٹی آر نے آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر میں بے قاعدگیوں کے الزامات کو مسترد کردیا اور اپوزیشن کو چیلنج کیا کہ وہ الزامات کو ثابت کریں۔ گزشتہ 60 برسوں میں کانگریس اور تلگو دیشم حکومتوں نے زرعی شعبوں کو نظر انداز کردیا تھا ۔ متحدہ آندھراپردیش میں کسانوں کو 6 گھنٹے برقی سربراہی نہیں کی گئی لیکن ٹی آر ایس حکومت نے 24 گھنٹے مفت برقی سربراہی کا کارنامہ انجام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے کسان حکومت کی اسکیمات سے خوش ہیں اور وہ اپوزیشن کے بہکاوے میں آنے والے نہیں۔ انہوں نے کانگریس اور بی جے پی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت پر تنقیدوں کے بجائے ترقیاتی اور فلاحی اقدامات کا اعتراف کریں۔