کانگریس امیدواروں کے ناموں پر اسکریننگ کمیٹی اجلاس میں غور

کل پارٹی الیکشن کمیٹی اجلاس میں قطعیت کا امکان ۔ جمعہ کو حلیفوںکے ساتھ امیدواروں کا اعلان متوقع

حیدرآباد 6 نومبر ( پی ٹی آئی ) کانگریس نے آج دہلی میں ‘ تلنگانہ اسمبلی انتخابات کیلئے اپنے امیدواروں کے انتخاب کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا ۔ کانگریس مرکزی الیکشن کمیٹی کے قائدین کے علاوہ صدر پردیش کانگریس کیپٹن اتم کمار ریڈی اور دوسرے بھی اجلاس میںشریک تھے ۔ ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کی اسکریننگ کمیٹی کے اجلاس میں امیدواروں کے انتخاب پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا ۔ کانگریس تلنگانہ میں عظیم اتحاد کی قیادت کر رہی ہے جس میں تلگودیشم پارٹی ‘ سی پی آئی اور تلنگانہ جنا سمیتی بھی شامل ہیں۔ کل ہند کانگریس کمیٹی کے سکریٹری و انچارچ تلنگانہ کانگریس امور آر سی کنٹیا نے کل یہاں بتایا تھا کہ عظیم اتحاد میں شامل جماعتوں کے مابین نشستوں کی تقسیم کو 9 نومبر تک قطعیت دیدی جائیگی ۔ انہوں نے بتایا کہ تمام جماعتوں کے ساتھ بات چیت کا عمل جاری ہے ۔ نشستوںکی تقسیم میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا ۔ این ایس ایس کے بموجب صدر پردیش کانگریس کے علاوہ سی ایل پی لیڈر کے جانا ریڈی ‘ قائد اپوزیشن کونسل محمد علی شبیر اور ورکنگ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اے ریونت ریڈی نے بھی دہلی میں اسکریننگ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کی صدارت اسٹیرنگ کمیٹی کے صدر نشین بھکت چرن داس نے کی ۔ کہا گیا ہے کہ نشستوں کو قطعیت دئے جانے کے بعد حلیف جماعتوں میں نشستوں کی تقسیم پر بات چیت مکمل کی جائیگی ۔ امکان ہے کہ پاری کی مرکزی الیکشن کمیٹی کا اجلاس 8 نومبر کو منعقد ہوگا جس میں امیدواروں اور نشستوں کی تقسیم کو منظوری دی جائیگی ۔ کہا جا رہا ہے کہ پارٹی قائدین نے یہ فیصلہ کرلیا ہے کہ تمام 119 حلقوں سے امیدواروں کے اعلان کا حلیف جماعتوں کے ساتھ ایک ہی دن اعلان کردیا جائے ۔ علاوہ ازیں دہلی میں کانگریس کے سینئر قائدین نے ان قائدین کو بھی دہلی طلب کرلیا ہے جنہیں عظیم اتحاد کی تشکیل اور نشستوں کی تقسیم کی وجہ سے ٹکٹ ملنے کا امکان نہیں ہے ۔ ان قائدین سے کہا جا رہا ہے کہ وہ وہ انتخابات میں ناراضگی کی بجائے عظیم اتحاد اور خود کانگریس امیدواروں کی تائید کیلئے اپنا تعاون کریں۔ ان قائدین سے یہ وعدہ بھی کیا جا رہا ہے کہ ریاست میں کانگریس حکومت کی تشکیل کے بعد ان کی خدمات کا صلہ ضرور دیا جائیگا ۔ اس دوران ٹی جے ایس کے رائع نے ادعا کیا کہ کانگریس نے اسے 11 نشستوں کی پیشکش کی ہے جو بات چیت کا نتیجہ ہے ۔ تلنگانہ میں اسمبلی کی 119 نشستیں ہیں۔ انتخابات کیلئے گزٹ اعلامیہ 12 نومبر کو جاری کیا جائیگا ا ور یہاں پرچہ جات نامزدگیوں کے ادخال کی آخری تاریخ 19 نومبر ہے ۔ انتخابات کے شیڈول کا الیکشن کمیشن کی جانب سے اعلان کیا جاچکا ہے ۔تلگودیشم پارٹی 18 ‘ ٹی جے ایس 14 اور سی پی آئی کم از کم پانچ نشستوں کا مطالبہ کر رہی ہے ۔ کانگریس ان جماعتوں کو اتنی نشستیں چھوڑنے تیار نہیں ہے اور اس کی کوشش ہے کہ ان جماعتوں کے مطالبہ میں کچھ کمی کروائی جائے ۔