کانپور میں گنیش چتورتھی پر حملے کا منصوبہ ناکام، قمر گرفتار

آسام کے متوطن محروس کا حزب المجاہدین کا سرگرم رکن ہونے کا اعتراف، ڈی جی پی او پی سنگھ کی پریس کانفرنس

لکھنو ، 13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) حزب المجاہدین کے ایک دہشت گرد کو جو گنیش چتورتھی کے دوران حملے کی منصوبہ بندی کررہا تھا، کانپور میں جمعرات کو گرفتار کیا گیا، پولیس نے یہ بات کہی۔ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس او پی سنگھ نے کہا کہ اس دہشت گرد کی شناخت قمر الزماں (37 سال) متوطن آسام کی حیثیت سے ہوئی، اور وہ حزب المجاہدین کا سرگرم کارکن ہے۔ اسٹیٹ پولیس کے سربراہ نے یہاں عجلت میں طلب کردہ پریس کانفرنس کو بتایا کہ اسے کانپور کے چکیری علاقے میں شیونگر محلہ سے حراست میں لیا گیا۔ ڈی جی پی نے کہا کہ گرفتار شدہ دہشت گرد گنیش چتورتھی کے دوران حملے کی منصوبہ بندی کررہا تھا لیکن انھوں نے تفصیل نہیں بتائی اور کہا کہ تحقیقات جاری ہے۔ 10 روزہ فیسٹیول جمعرات کو شروع ہوا ہے۔ ڈی جی پی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آیا وہ یہاں مذہبی بھائی چارہ کی فضاء کو مکدر کرنے یا کوئی دیگر مقصد سے آیا، یہی باتوں کی تحقیقات کی جائیں گی۔ پولیس نے کہا کہ اُس کے موبائل فون سے ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کچھ سروے کررہا تھا۔ اس میں کانپور کی ایک مندر کا ویڈیو کلپ پایا گیا ہے۔ ریاست کے اینٹی ٹیررسٹ اسکواڈ (اے ٹی ایس) جس نے یہ گرفتاری عمل میں لائی، اسے گزشتہ 8-10 دن سے اپنی نظروں میں رکھا ہوا تھا۔ نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی اور کانپور پولیس نے بھی کارروائی میں حصہ لیا۔ ڈی جی پی نے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر سرگرم ہے اور اپریل 2018ء میں خود اپنی تصویر AK-47 رائفل کے ساتھ پوسٹ کی تھی، جس کے بعد سے وہ حکام کے راڈار پر آگیا۔ وہ فوٹو سوشل میڈیا پر کافی عام ہوئی۔ کیاپشن میں لکھا گیا: آرگنائزیشن: حزب المجاہدین، نام: قمر الزماں، ولدیت: ابراہیم زماں، متوطن: آسام انڈیا، کوڈ: ڈاکٹر حریرہ، قابلیت: ایم اے انگلش۔ پولیس نے کہا کہ قمر نے تفتیش کے دوران قبول کیا کہ وہ حزب المجاہدین کا سرگرم کارکن ہے اور اسے دہشت گردانہ حملے کی تیاری کیلئے کانپور بھیجا گیا تھا۔ ڈی جی پی نے کہا کہ اس دہشت گرد کی 2017ء میں پاکستان میں ٹریننگ ہوئی اور وہیں پر وہ حزب المجاہدین میں شامل ہوا۔ وہ 2008ء اور 2012ء کے درمیان بھی بیرون ملک رہا تھا۔