کانپور میں زیرتعمیر عمارت منہدم ۔ 7 افراد ہلاک

باپ اور بیٹی کو زندہ بچالیا گیا۔ ایس پی لیڈر کے خلاف کیس

کانپور 2 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کانپور کے علاقہ ججماؤ میں ایک منہدمہ زیرتعمیر عمارت کے ملبہ سے باپ اور بیٹی کو بحفاظت زندہ بچالیا گیا جبکہ پولیس نے مجرمانہ غفلت کے الزام میں مقامی سماج وادی پارٹی لیڈر اور ایک گتہ دار کے خلاف کیس درج کرلیا ہے۔ ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ فوج اور این ڈی آر ایف کی ٹیموں نے عمارت کے ملبہ سے ایک 9 سالہ لڑکی اور ان کے والد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔ وہ اس واقعہ میں معمولی زخمی ہوگئے ہیں۔ جبکہ 7 افراد ہلاک اور دیگر 18 زخمی ہوگئے ہیں۔ کانپور ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے او ایس ڈی مسٹر ڈی ورما نے کل رات پولیس میں یہ شکایت درج کروائی ہے کہ آفتاب عالم نے غیر قانونی عمارت کی تعمیر کروائی ہے جس پر انھیں 23 نومبر 2016 ء کو ایک نوٹس جاری کی گئی تھی لیکن آفتاب عالم نے اس نوٹس کا جواب نہیں دیا اور کے ڈی اے نے گزشتہ سال 26 ڈسمبر کو متنازعہ عمارت مہربند کردی تھی۔ تاہم مہربندی کو توڑ کر کل سے تعمیری کام شروع کردیا گیا تھا۔ او ایس ڈی کی شکایت پر پولیس نے کل رات ایس پی لیڈر آفتاب عالم اور ان کے کنٹراکٹر کے خلاف ایک کیس درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے آفتاب عالم کی تلاش شروع کردی ہے جوکہ اپنے گتہ دار کے ساتھ فرار ہوگئے ہیں۔ دریں اثناء سکریٹری کے ڈی اے جئے شری بھوج نے مذکورہ واقعہ کی اندرون ایک ہفتہ تحقیقات کے لئے 2 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ کانپور کے انسپکٹر جنرل پولیس زکی احمد نے بتایا کہ آج صبح ملبہ سے مزید نعشیں دستیاب ہوئی ہیں۔ جبکہ ہاسپٹل میں علاج کے دوران کل 2 افراد جانبر نہ ہوسکے۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ آج دوسرے دن بھی امداد اور بچاؤ کے کام جاری رہے کیوں کہ ملبہ میں ایک درجن سے زائد افراد پھنسے رہنے کا اندیشہ ہے۔ جس کی وجہ سے ملبہ کی صفائی آہستہ آہستہ کی جارہی ہے۔ چیف میڈیکل آفیسر کانپور رامائن پرساد نے بتایا کہ 18 زخمیوں میں 4 کی حالت تشویشناک ہے۔ ڈاکٹروں کی ٹیم کو مقام حادثہ پر طلب کرلیا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ 5 مہلوکین میں 4 مرد اور ایک خاتون شامل ہیں اور آج مزید 2 نعشیں دستیاب ہوئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 7 منزلہ عمارت کی بالائی منزل کل اچانک بیٹھ جانے پر کم از کم 7 مزدور ہلاک ہوگئے ہیں۔
کہرے کے سبب 35 ٹرینوں میں تاخیر
نئی دہلی ، 02 فروری (سیاست ڈاٹ کام) دارالحکومت دہلی میں آج صبح دھند کی وجہ سے ریلوے سروس متاثر ہوئی اور کم از کم درجہ حرارت میں کچھ کمی درج کی گئی۔خراب موسم کی وجہ سے 35 ٹرینیں تاخیر سے چل رہی ہیں اور 13 کے وقت میں تبدیلی کی گئی ہے جبکہ دو ٹرینوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے ۔ کہرے کا اگرچہ ایئر لائنز پر کوئی اثر نہیں پڑا۔کم از کم درجہ حرارت 8.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ کل یہ 9.4 ڈگری سیلسیس تھا۔