کالیشورم پراجیکٹ سے جولائی تک برقی سربراہی کو یقینی بنانے کی ہدایت

ریاستی عوام تک فوائد پہونچانے کی کوشش ، چیف منسٹر کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔16مئی (سیاست نیوز) کالیشورم پراجکٹ سے آبپاشی کے آغاز کے لئے ماہ جولائی کے اواخر تک برقی سربراہی کے انتظامات کئے جائیں تاکہ آئندہ سال کے اوائل میں ہی کالیشورم پراجکٹ کو مکمل طور پر کارکرد بنایا جاسکے۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج پرگتی بھون میں منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران عہدیدارو ںکو ہدایات جاری کرتے ہوئے یہ بات کہی اور کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کے ذریعہ پانی کی سربراہی کے عمل کو شروع کرنے کیلئے درکار برقی سربراہی کو ممکن بنانے کے اقدامات کے سلسلہ میں عہدیداروں سے مشاورت کرتے ہوئیجولائی کے اواخر تک اس بات کو یقینی بنایا جائے کیونکہ جولائی کے اواخر میں برقی سربراہی ممکن ہونے کی صورت میں پانی کی نکاسی اور سربراہی کا عمل شروع کرنے میں کوئی دشواری نہیں ہوگی۔چیف منسٹر نے عہدیداروں کو بتایا کہ فوری طور پر کالیشورم پراجکٹ کے آغاز اور خریف کے دوران پانی کی سربراہی کے لئے 3800 یونٹ برقی درکار ہے اور آئندہ برس کے اوائل میں کالیشورم پراجکٹ کے لئے 6100 یونٹ برقی درکار ہوگی اسی لئے ٹرانسکوکو برقی سربراہی کے سلسلہ میں اقدامات کے ساتھ ساتھ برقی پیداوار کے سلسلہ میں بھی اقدامات کو یقینی بنانا چاہئے ۔کے چندر شیکھر راؤکی جانب سے طلب کردہ اس اجلاس میں مشیران حکومت مسٹر راجیو شرما‘ مسٹر انوراگ شرما‘مسٹر ڈی پربھاکر راؤ صدرنشین و منیجنگ ڈائریکٹر ٹرانسکو‘رکن راجیہ سبھا جے ۔ سنتوش کمار کے علاوہ دیگر عہدیدار اور عوامی نمائندے موجود تھے۔ مسٹر ڈی پربھاکر راؤ نے جائزہ اجلاس کے دوران ریاست کو درکار برقی طلب اور پیداوار کے علاوہ اب کالیشورم کو سربراہی کے آغاز کے ساتھ ہی پیدا ہونے والے حالات کی تفصیلات سے اجلاس کو واقف کروایا جس پر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ان مسائل سے نمٹنے کی منصوبہ بندی کریں اور کالیشورم پراجکٹ کے آغاز کی تیاریوں کو مکمل کرنے کے اقدامات کریں۔ کے چندر شیکھر راؤ نے جائزہ اجلاس کے دوران کالیشورم پراجکٹ کے پمپ شروع کئے جانے کے عمل کے متعلق تفصیلات حاصل کی اور کہا کہ موسم خریف کے دوران پیداوار کو بہتر بنانے میں کالیشورم پراجکٹ انتہائی معاون ثابت ہوسکتا ہے اسی لئے حکومت کی جانب سے اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ریاستی سطح پر اس پراجکٹ کو جلد از جلد شروع کرتے ہوئے ریاست کے عوام کو پراجکٹ کے فوائد سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا جائے۔