کالج فیس کیلئے مچھلی فروخت کرنے والی طالبہ کو حکومت کی حمایت

سائبر جنونیوں کے خلاف کارروائی کرنے چیف منسٹر کیرالا کی ہدایت

گھرواننتاپورم۔27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا کی 21 سالہ طالبہ ہنان جو کالج اوقات کے بعد مچھلی فروخت کرکے اپنا اور اپنے خاندان کی کفالت کرتی ہے کے بارے میں ویڈیو پر منفی چرچے ہونے کے بعد یہ طالبہ سائبر جنونیوں کا نشانہ بننے پر حکومت نے شدید قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت کیرالا نے سوشل میڈیا پر اس طالبہ کے تعلق بعض افراد کے تبصروں کا سخت نوٹ لیا ہے۔ حکومت نے طالبہ کی بھرپور حمایت کی ہے جو اپنی تعلیم کیلئے پیسہ جمع کرنے اور اپنے خاندان کی کفالت کرنے کیلئے کالج کے اوقات کے بعد مچھلی فروخت کرتی ہے۔ چیف منسٹر پینرائی وجین نے پولیس کو ہدایت دی کہ وہ ان لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کرے جو سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر بیہودہ پروپگنڈہ کرکے اس طالبہ کے خلاف مہم چلارہے ہیں۔ اس لڑکی کے بارے میں ملیالم اخبار میں رپورٹ شائع ہونے کے بعد کہ وہ اپنے تعلیم کے مصارف اور خاندان والوں کی کفالت کیلئے دن رات محنت کررہی ہے، حکومت کیرالا نے اس لڑکی کی جانب توجہ دی اور سوشل میڈیا پر ہونے والی بیہودہ تنقیدوں کا جائزۃ لیا۔ بی ایس سی فائنل ایئر طالبہ ایک خانگی کالج میں زیر تعلیم ہے اس کی دل کو چھولینی والی کہانی کو سوشل میڈیا پر کئی افراد نے شیئر کیا ہے۔ فلم آرٹسٹوں اور سیاستدانوں نے اس کے حوصلہ کی ستائش کی ہے لیکن بعض مسخروں نے غلط تبصرے کیئے ہیں۔