کاشف جمیل پر حملے کیلئے بی جے پی ایم پی ذمہ دار

ڈاکٹر کفیل خان کے الزامات بے بنیاد ، ایم پی کملیش پاسوان کا بیان
لکھنؤ ۔ /17 جون (سیاست ڈاٹ کام) ڈاکٹر کفیل خان نے الزام عائد کیا کہ ان کے بھائی کاشف جمیل پر حالیہ حملے کے پیچھے بی جے پی کے ایم پی کملیش پاسوان کا ہاتھ ہے ۔ میڈیکل کالج لاپرواہی کیس میں ملزم کفیل خان کے اس الزام کے چند گھنٹوں بعد بی جے پی ایم پی نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا اور کہا کہ یہ مجھے بدنام کرنے کی سازش ہے ۔ گورکھپور میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بنس گاؤں سے تعلق رکھنے والے ایم پی نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں ہتک عزت کا کیس داخل کریں گے ۔ صدر کانگریس راہول گاندھی کی جانب سے ڈاکٹر کفیل خان کی تائید میں مکتوب ملنے کے بعد وہ جھوٹے الزامات لگاتے ہوئے مشہور ہونے کی کوشش کررہے ہیں ۔ بی جے پی ایم نے مزید کہا کہ کفیل خان کی جانب سے یہ الزامات جیل میں 7 ماہ گزارنے کے بعد لگائے جارہے ہیں جبکہ ماضی میں کاشف نے اپنے پیر پر گولی مارلی تھی اور اس کیس میں 60 سالہ شخص کو ماخوذ کرنے کی کوشش کی تھی ۔ وہ دھوکہ دہی سے بینکوں سے بھاری قرضے لینے میں ملوث ہے ۔ وہ کہتے ہیں کہ میرے اور یوگی جی کے درمیان تعلقات اچھے نہیں ہے ۔ انہوں نے خود زخمی ہونے کے بعد دواخانہ کا دورہ کیا تھا اس وقت پولیس کے سامنے میرا نام ظاہر نہیں کیا ۔ پانچ دن کے بعد ڈاکٹر کفیل خان میرا نام لیکر مجھے بدنام کررہے ہیں جو مضحکہ خیز حرکت ہے ۔ وہ کسی بھی طرح کی تحقیقات کا سامنا کرنے تیار ہیں ۔