مسلمانوں کو متحد ہو کر ٹی آر ایس کو شکست دینے کا مشورہ ، صدر آل انڈیا اقلیت ڈپارٹمنٹ ندیم جاوید کا پریس کانفرنس سے خطاب
حیدرآباد ۔ 30 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : صدر آل انڈیا کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ ندیم جاوید نے 12 فیصد مسلم تحفظات پر کارگزار چیف منسٹر کے رویہ کو گھمنڈ و تکبر کی علامت قرار دیتے ہوئے سارے مسلمانوں کو متحد ہو کر ٹی آر ایس کو شکست دینے کی اپیل کی ہے ۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ندیم جاوید نے کہا کہ ٹی آر ایس نے 2014 میں اپنے انتخابی منشور کے ذریعہ مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا تاہم وہ اپنے وعدے کو پورا کرنے میں ناکام رہ گئے لیکن کانگریس پارٹی نے اس پر تحریک چلائی اور مسلمانوں کو باشعور بنایا اور وعدے خلافی پر مسلمانوں میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔ ٹی آر ایس کے جلسہ عام میں ٹی آر ایس کے کارکن نے اپنے پارٹی کے سربراہ کے سی آر سے سوال پوچھنے انتہا یہاں تک ہوگئی کہ کارگزار چیف منسٹر برہم ہوگئے اور سوال پوچھنے والے نوجوان کو تمہارے باپ کو بھی جواب دینے کا ریمارکس کرتے ہوئے اپنے اندر مسلمانوں کے خلاف پائے جانے والے غصے کا اظہار کیا ہے ۔ جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ سربراہ ٹی آر ایس کا یہ رویہ جمہوریت کے لیے بدترین مثال ہے ۔ ندیم جاوید نے کہا کہ وعدوں کی عدم تکمیل پر عوام جماعتوں اور اس کے سربراہوں سے سوال کریں ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل نے کارگزار چیف منسٹر کے سی آر کو مخالف مسلم قرار دیتے ہوئے کہا کہ کے سی آر کو کوئی حق نہیں پہونچتا کہ وہ سوال کرنے والوں کے باپ تک چلے جائیں ۔ شیخ عبداللہ سہیل نے چھوٹی جماعت کے صدر سے کارگزار چیف منسٹر کے سی آر کے مسلم نوجوانوں کے خلاف کئے گئے ریمارکس پر اپنی اور جماعت کی رائے ظاہر کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر چھوٹی جماعت کے صدر اس پر ردعمل کا اظہار نہیں کرتے تو یہی سمجھا جائے گا کہ ٹی آر ایس اور چھوٹی جماعت آر ایس ایس کے ایجنٹ ہیں اور ان دونوں جماعتوں کا ریمورٹ کنٹرول ناگپور میں ہے ۔ مسلمان کیا ہے آئندہ انتخابات میں کارگزار وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کے باپ کو بتائیں گے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ نے کہا کہ 12 فیصد مسلم تحفظات کی تحریک روزنامہ سیاست نے شروع کی تھی اور کانگریس اقلیت شعبہ نے بھی اس کو گاؤں گاؤں تک پہونچانے میں اہم ذمہ داری نبھائی ہے ۔ کانگریس پارٹی چیف منسٹر سے سوال کرنے والوں کا مکمل تحفظ کرے گی ۔ سکریٹری اے آئی سی سی و سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے محمد اظہر الدین کو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا ورکنگ پریسیڈنٹ نامزد کرنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاسی میدان میں بھی چوکے اور چھکے ماریں گے ۔ ہنمنت راؤ نے مسلم نوجوان کے خلاف کے سی آر کے ریمارکس پر ردعمل کا اظہار کیا کہ کے سی آر کو شکست کا اندازہ ہوگیا ہے اور بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر مسلم نوجوانوں کے خلاف غصہ کا اظہار کیا ہے ۔ دستور نے ہندوستان کے ہر شہری کو سوال پوچھنے کا اختیار دیا ہے ۔ انہوں نے پرانے شہر میں اسمبلی حلقہ بہادر پورہ میں کانگریس امیدوار کلیم الدین بابا اور ان کے حامیوں پر مجلس کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے رائے دہی کے دن پرانے شہر میں پولیس کے معقول انتظامات کرنے کا الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ۔۔