واشنگٹن 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک ا انٹرکانٹی نینٹل ہوٹل میں 20 جنوری کو ہوئے حملے میں چار امریکی شہریوں سمیت ہلاکتوں کی جملہ تعداد 40 ہوگئی۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان ہیتھر نوآرٹ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے اس کی اطلاع دی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم وضاحت کرسکتے ہیں کہ اس حملے میں چار امریکی شہری مارے گئے اور دو دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ ہم ہلاک شدگان کے خاندان اور دوستوں کے تیئں اپنی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کرتے ہیں۔واضح رہے کہ افغانستان کی راجدھانی کابل کے ایک پانچ منزلہ انٹرکانٹی نینٹل ہوٹل پر 20 جنوری کو کم از کم چار مسلح افرادنے حملہ کردیا تھا جس میں ابتدائی طور پر پانچ افراد کے مارے جانے کی اطلاع تھی۔ یہ ہوٹل وہی ہے جس پر طالبان نے 2011ء میں بھی حملہ کیا تھا اور اس حملے میں نو حملہ آور سمیت کل 21 افرادمارے گئے تھے ۔
شام میں ہوئے کیمیائی حملہ کا روس ذمہ دار نہیں
ماسکو ،25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) روس نے شام کے مشرقی غوطہ علاقے میں 22 جنوری کو ہوئے مبینہ کیمیائی حملہ میں روسی اور شامی سرکاری فوج کے شامل ہونے سے انکار کیا ہے ۔روسی وزارت خارجہ نے آج ایک بیان جاری کر کے کہا کہ اس کیمیائی حملے کی ابھی تک تصدیق نہیں ہوئی ہے ۔روس نے ان الزامات کو اس کے خلاف امریکی پروپیگنڈے کا حصہ بتایا ہے۔