کابل میں زور دار دھماکہ ‘ فائرنگ کا تبادلہ ، 7 ہلاک

کابل 20 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک خودکش دھماکہ نے افغانستان کے دارالحکومت کو آج سکیورٹی فورسیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران زبردست دھماکہ سے دہلا ڈالا، جس کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد ہلاک ہوگئے۔ عہدیداروں نے دیگر کم از کم آٹھ افراد زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے۔ وسطی کابل میں افغانستان کی وزارت مواصلات کے قریب ایک زبردست دھماکہ کی آواز سنائی دی جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا ۔ عہدیداروں نے کہا کہ طالبان اور افغان نمائندوں کے مابین مذاکرات ناکام ہوجانے کے ایک دن بعد یہ حملہ کیا گیا ہے ۔ کسی نے بھی ابھی تک اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے اور ہلاکتوں کے بارے میں بھی کوئی اطلاع نہیں مل سکی ہے۔ کابل میں ایک سکیوریٹی عہدیدار امان الدین شریعتی نے کہا کہ صرف یہ اطلاع ہے کہ حملہ آوروںنے وزارت مواصلات کے قریب کارروائی کی ہے اور وہاں افغان سکیوریٹی فورسیس کے ساتھ ان کا فائرنگ کا تبادلہ عمل میں آ رہا ہے ۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے کہا کہ دھماکہ وزارت مواصلات کے قریب سنا گیا ۔ اس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔ دو پہر کے بعد تک بھی وقفہ وقفہ سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا ۔ یہ شہر کا مرکزی تجارتی علاقہ ہے اور یہاں کئی بڑے ہوٹلس بھی قائم ہیں۔