کابل میںطالبان کا امبولینس دھماکہ ،95 ہلاک

کابل ۔ /27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) افغان دارالحکومت کے پرہجوم علاقہ میں دھماکہ خیز اشیاء سے بھری ایک امبولینس کے دھماکہ میں 95 افراد ہلاک اور دیگر 158 زخمی ہوگئے ۔ طالبان نے اس دھماکہ کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔ وزارت داخلہ کے نائب ترجمان نصرت رحیمی نے کہا کہ حملہ آوروں نے وزارت داخلہ کی قدیم عمارت کونشانہ بنایا ۔ رحیمی نے مزید کہا کہ ’’خودکش بمبار نے تلاشی مراکز سے بلا روک ٹوک گزرنے کیلئے امبولنس استعمال کیا تھا ۔ پہلے چیک پوسٹ پر اس نے کہا تھا کہ ایک مریض کو وہ جمہوریت ہاسپٹل لیجارہا ہے اور دوسرے تلاشی مرکز پر وہ پہچان لیا گیا جس کے ساتھ اس نے خود کو دھماکو اشیاء سے لدی گاڑی کے ساتھ اڑالیا ۔ یوروپی یونین مندوبین کے دفاتر اور وزارت داخلہ کے قریب ہوئے اس دھماکہ کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی ہے ۔ اٹلی کے غیر سرکاری ادارہ ایمرجنسی نے کہا کہ کئی افراد ہلاک اور درجنوں دیگر زخمیوں کو دواخانہ منتقل کیا گیا ہے ۔ اس دھماکہ کے قریبی مقام پر اسٹیشنری کا مارکٹ واقع ہے دھماکے کی شدت کے سبب اطراف و اکناف کی عمارتوں کی کھڑکیاں چکناچور ہوگیئں وار چند کچے مکانات منہدم ہوگئے۔

اے ایف پی کے ایک رپورٹ نے کہا کہ ’’انہوں نے قریبی دواخانوں میں کئی مہلوکین اور زخمیوں کو دیکھا ہے ۔ جمہوریت ہاسپٹل میں ہر طرف آہ وزاری کے مناظر دیکھے گئے ۔ ان ہلاکت خیز حملوں کے بعد رنج و غم سے مغلوب ڈاکٹرس اور نرسیس فوری طور پر ان زخمیوں کے علاج کیلئے پہونچ گئے جو دواخانہ کی راہداریوں میں پڑے تڑپ رہے تھے ۔ ملبہ سے ڈھکی ہوئی گلیوں سے کئی عام شہری زخمیوں کو اپنی پیٹھ پر اٹھائے گذرتے ہوئے دیکھے گئے ۔ نیم طبی عملے کے ارکان کئی نعشوں کو امبولینس میں ڈال کر دواخانہ منتقل کرتے ہوئے دیکھا گیا ۔ کابل میں گزشتہ سال /31 مئی کو سفارتی علاقہ پر ٹرک بم حملے کے بعد یہ اپنی نوعیت کا دوسرا بدترین اور ہلاکت خیز دھماکہ ہے ۔ وزارت صحت کے ترجمان وحید مجروح نے کہا کہ ’’کابل کے مختلف دواخانوں سے موصولہ تعداد کے مطابق 40 افراد شہید اور 140 زخمی ہوئے ہیں ‘‘ ۔ اے ایف پی کی ایک رپورٹ نے کہا کہ جمہوریت ہاسپٹل میں انتہائی دلخراش مناظر دیکھے گئے جہاں ہر طرف نعشیں اور زخمی افراد پڑے تھے ۔ رنج و غم کے شدید جذبات سے مغلوب طبی عملہ دواخانہ کی راہداریوں میں پڑے ان لہولہان مرد خواتین اور بچوں کے علاج کی جدوجہد میں مصروف تھا ۔

 

کابل دہشت گرد حملہ کی اقوام متحدہ ، امریکہ اور ہندوستان کی جانب سے مذمت
واشنگٹن / نئی دہلی ۔ 27 ۔ جنوری : (سیاست ڈاٹ کام ) : اقوام متحدہ امریکہ اور ہندوستان نے کابل میں ہوئے خود کش بم دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے اس حملہ کو بزدلانہ اور لاشعوری پر مبنی کارروائی قرار دیا اور کہا کہ جو لوگ اس حملے کے لیے ذمہ دار ہیں انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا ضروری ہے ۔ اقوام متحدہ سکریٹری جنرل انٹینو گیوٹرس نے طالبان کی جانب سے حملہ کی ذمہ داری قبول کیے جانے کی شدید مذمت کی ۔ یہ حملہ ایک ہفتہ میں دارالحکومت کابل میں انتہا پسند گروپ کی جانب سے دوسری مرتبہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ شہریوں کے خلاف اس طرح کے حملے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں ۔ امریکی سفیر برائے افغانستان جان آر باس نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ حملہ طالبان کی بزدلانہ کارروائی ہے ۔ ہندوستان نے بھی کابل حملہ کی مذمت کی اور اسے بربریت انگیز کارروائی قرار دیا ۔ وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا ایک بزدلانہ حرکت ہے ۔ ہندوستان کی جانب سے ہر ممکنہ امداد کی پیشکش کی گئی ہے ۔۔