چیف منسٹر چندر شیکھر راو نے ملاقات کا موقع نہیں دیا
حیدرآباد۔/24 اگسٹ، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا ڈی سرینواس نے آج پارٹی کے وسیع تر اجلاس میں شرکت کی لیکن وہ اپنوں کے درمیان اجنبی کی طرح دکھائی دے رہے تھے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے پہلی صف میں ہونے کے باوجود ڈی سرینواس کی جانب کوئی توجہ نہیں کی اور نہ ہی انہیں ملاقات کا موقع دیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ تین ماہ سے پارٹی قیادت اور نظام آباد کے عوامی نمائندے ڈی سرینواس کے خلاف ہیں۔ رکن پارلیمنٹ کویتا کی قیادت میں ضلع کے تمام ارکان اسمبلی اور کونسل نے ڈی سرینواس کو معطل کرنے کیلئے چیف منسٹر سے نمائندگی کی۔ چیف منسٹر نے اگرچہ ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی تاہم انہیں پارٹی میں الگ تھلگ کردیا گیا۔ آج کے اجلاس میں ڈی سرینواس کو چیف منسٹر سے ملاقات کا ایک موقع تھا لیکن کے سی آر نے اُن کی نشست کی طرف رُخ نہیں کیا اور اجلاس ختم ہوتے ہی سیدھے ہال سے باہر نکل گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ پارٹی کے دیگر عوامی نمائندے اور قائدین بھی ڈی سرینواس سے دوری اختیار کئے ہوئے تھے اور کوئی بھی ان سے ملنے سے گریز کررہا تھا۔ ہر کسی کو یہ اندیشہ تھا کہ اگر وہ ڈی سرینواس سے ملاقات کرتے ہیں تو انہیں کویتا اور کے سی آر کی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔