ڈیوڈ ہیڈلی کا پتہ بتانے سے وکیل کا انکار

واشنگٹن ۔25 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی نژاد امریکی ڈیوڈ ہیڈلی نہ تو شکاگو کی جیل میں ہے اور نہ ہاسپٹل میں … یہ جملہ پڑھنے والے قارئین کہیں یہ نہ سمھیں کہ یہ کسی ہالی ووڈ یا بالی ووڈ فلم کی کہانی کاآغاز ہے ۔ ڈیوڈ ہیڈلی کی طرز زندگی ابتداء سے ہی پُراسرار رہی ہے ۔ ہیڈلی کے وکیل نے آج اُن رپورٹس کو مسترد کردیا کہ لشکر طیبہ کا دہشت گرد جسے 2008 ء کے ممبئی دہشت گرد حملوں میں ملوث پائے جانے کے بعد 35 سال کی سزائے قید سنائی گئی تھی ، کو جیل کے دیگر قیدیوں نے اتنا زیادہ پیٹا کہ آج وہ موت و زیست کی کشمکش میں مبتلا ہے ۔ڈیوڈ ہیڈلی کے وکیل جان تھیز نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال میں اپنے موکل کے محل وقوع کے بارے میں کچھ بھی نہیں کہہ سکتا ۔ البتہ اتنا ضرور بتاسکتا ہوں کہ وہ نہ تو شکاگو میں ہے اور نہ ہی ہاسپٹل میں ۔ یہاں اس بات کا تدکرہ ضروری ہیکہ حالیہ دنوں میں یہ خبریں گشت کررہی تھیں کہ 58 سالہ ہیڈلی کو شکاگو کی ایک جیل میں اُس کے ساتھی قیدیوں نے 8جولائی کو شدید زدوکوب کیا اور بعد ازاں اُسے شدید زخمی حالت میں شہر کے ایک ہاسپٹل کے انتہائی نگہداشت والے وارڈ (ICU) میں شریک کیا گیا ہے ۔ جان تھیز نے کہاکہ اُن کے موکل (ہیڈلی) کے بارے میں میڈیا میں گشت کرنے والی خبریں بے بنیاد ہیں کہ انھیں نارتھ ایوانسٹن ہاسپٹل میں شدید زخمی حالت میں شریک کیا گیا ہے ۔
نائیجیریاکی مسجد میں خود کش حملہ، 7 شہید
میدوگوری۔25 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) نائیجیریا کی مسجد میں نماز کی ادائیگی کے دوران خود کش حملے میں 7 نمازی شہیدہو گئے ۔ حملہ کے وقت نماز فجر ادا کی جارہی تھی جس کے نتیجے میں7 نمازی شہید اور دیگر 8زخمی ہو گئے ۔ حکام کے مطابق واقعہ شمال مشرقی ریاست بورنو کے دارالحکومت میدوگوری کے مضافاتی علاقے اجاری کونڈونگا میں پیش آیا۔