مصائب سے دوچار پناہ گزینوں سے منہ موڑنا انسانیت کی دلیل نہیں : نائب صدر جوبیڈن
واشنگٹن ۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر بارک اوباما نے آج ایک بار پھر ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کے خلاف ریمارکس کرتے ہوئے عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایسے لوگوں سے ہوشیار رہیں جو امریکی عوام کو خوف و ہراس کے سائے میں تقسیم کرنے کے ناپاک عزائم رکھتے ہیں۔ اوباما کے ساتھ کاندھے سے کاندھا ملا کر امریکی نائب صدر جوبیڈن نے بھی ان کی آواز بننے کو ترجیح دی اور کہا کہ صدر جو کچھ کہہ رہے ہیں وہ ہم سب کی ترجمانی کررہے ہیں۔ دنیا کے کئی اہم مقامات پر حالیہ دنوں میں دھماکوں کے واقعات ہوئے جس کو بنیاد بنا کر امریکی عوام میں ڈونالڈ ٹرمپ خوف و ہراس پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کا اصل مقصد ہی ہمارے اعتماد کو متزلزل اور کمزور کرنا ہے تاکہ ہم ان لوگوں کی طرف سے (متاثرین اور پناہ گزین) آنکھیں بند کرلیں جنہیں آج مدد اور پناہ کی ضرورت ہے۔ صدارتی انتخابات جو نومبر میں منعقد شدنی ہیں جس کیلئے مزید ساڑھے پانچ تا چھ ماہ کا عرصہ باقی ہے۔
اگر ٹرمپ کا رویہ اسی طرح برقرار رہا تو وہ امریکی عوام کو مکمل طور پر خوفزدہ کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ یہ خوف یہ کہہ کر پیدا کیا جارہا ہیکہ ’’ایسے لوگوں کو نکال باہر کرو جو ہماری طرح نظر نہیں آتے۔ ہماری طرح عبادت نہیں کرتے‘‘ اور یہی ارادہ ان دہشت گردوں کا بھی ہے جو ہمارے اعتقاد و اعتماد کو کمزور کرنا چاہتے ہیں لیکن دہشت گردوں کو ان کے ناپاک عزائم میں کبھی کامیابی نہیں ملے گی۔ برسلز اور لاہور میں حالیہ دنوں میں جو کچھ ہوا اس کے بارے میں ہم سب کو پتہ ہے جہاں معصوم افراد خصوصی طور پر خواتین کو قیمتی جانیں تلف ہوئیں جن میں عیسائی بھی تھے اور مسلمان بھی۔ ہماری تمام تر ہمدردیاں مہلوکین کے ارکان خاندان کے ساتھ ہیں۔ صدر موصوف نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ دنیا میں آج ہر طرف خوف و ہراس کا بول بالا ہے۔ میں خود بھی کافی سفر کرتا ہوں۔ اس موقع پر نائب صدر جوبیڈن بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، ترکی اور برسلز میں جو کچھ ہوا اس کے پس منظر میں عوام کا خوفزدہ ہونا ایک فطری عمل ہے لیکن اس خوف کا استحصال کرتے ہوئے اسے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا ناقابل قبول ہے۔ ہر سمجھدار یہی چاہے گا کہ وہ خوفزدہ لوگوں کے خوف کو دور کرے ناکہ اس میں اضافہ کرے۔ مصائب سے دوچار عوام کی مدد کرنے کی بجائے ان کی طرف پیٹھ موڑ کر کھڑے ہوجانا انسانیت کی دلیل نہیں ہے۔ جو لوگ آج مصائب کا شکار ہیں وہ مصائب خود ان کے پیدا کردہ نہیں ہیں بلکہ وہ خود بھی حالات کا شکار ہیں۔ دوسری طرف وائیٹ ہاؤس نے بھی ڈونالڈ ٹرمپ کے اپنے کیامپین منیجر کی تائید کرنے پر ان پر (ٹرمپ) زبردست تنقید کی۔ منیجر پر الزام تھا کہ انہوں نے ایک خاتون رپورٹر کے ساتھ بدسلوکی کی۔ وائیٹ ہاؤس پریس سکریٹری جوش ارنیسٹ نے اپنی معمول کی بریفنگ کے دوران اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں امریکی صدارتی انتخابات کی مہمات جس طرح چلائی جارہی ہے اور جس طرح کے بیانات دیئے جارہے ہیں اس نے امریکہ کی تاریخ کو شرمسار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ جس طرح اپنے کیامپین منیجر فوری لیونڈوسکی کی حمایت کررہے ہیں اس سے یقینا امریکہ کے سابق صدر جارج بش کو بھی اختلاف ہوگا۔ منیجر نے خاتون رپورٹر کے جسم کے مخصوص حصہ کو غلط انداز میں چھوا تھا اور جس کے فوٹیج سے اس بات کی توثیق بھی ہوئی ہے۔