ڈاکٹر کفیل اور انکے بھائی 9 سال قدیم مقدمہ میں دوبارہ گرفتار

گورکھپور 23 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) گورکھپور سرکاری دواخانہ میں گذشتہ سال بچوں کی اموات کے مقدمہ میں ضمانت پر رہا ڈاکٹر کفیل خان اور ان کے بھائی عدیل خان کو نو سال قدیم دھوکہ دہی کے مقدمہ میں دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ سرکل آفیسر کنٹونمنٹ پربھات کمار رائے نے کہا کہ ڈاکٹر کفیل اور ان کے بھائی کے خلاف 2009 میں ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ شکایت کنندہ نے ان پر اس کا شناختی کارڈ استعمال کرکے بینک کھاتہ کھولنے کا الزام عائد کیا تھا ۔ ڈاکٹر کفیل کو ایس پی ونئے سنگھ کی ہدایت پر گرفتار کرلیا گیا ۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر کفیل کو ایک ضلع ہاسپٹل میں ہنگامہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور کل ہی ان کی ضمانت پر رہائی عمل میں آئی تھی ۔