ممبئی 9 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بیرونی زرمبادلہ کے لامتناہی بہاؤ اور خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے سبب امریکی ڈالر کے مقابلے ہندوستانی روپئے کی قدر آج 33 پیسے کی کمی کے ساتھ 74.39 تک گھٹ گئی۔ بینکوں اور برآمدکنندگان کی طرف سے امریکی کرنسی آج صبح ابتدائی فروخت کے دوران ہندوستانی روپئے کی قدر 18 پیسے کی محتاط بحالی کے ساتھ73.88 تک پہونچی تھی۔ امریکی ڈالر کے سمندر پار استحکام اور برنٹ خام تیل کی قیمت 84 امریکی ڈالر فی بیرل تک پہونچنے کے سبب ہندوستانی کرنسی اپنی بحالی کو برقرار رکھنے میں ناکام ہوگئی۔ بالآخر کاروبار کے اختتام پر 33 پیسے کی کمی کے ساتھ ایک ڈالر کے مقابلہ روپئے کی قدر 74.39 تک گھٹ گئی۔