مسئلہ سے نمٹنے جلد بازی میں قدم نہ اُٹھانے حکومت کا گریز، سونے کی قیمت میں بھی کمی
نئی دہلی 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے ڈالر کے مقابلہ روپئے کی قدر میں اچانک غیرمعمولی کمی کے مسئلہ سے نمٹنے جلد بازی میں ردعمل کے مظاہرہ کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہاکہ عالمی صورتحال کو ملحوظ رکھتے ہوئے مناسب اقدامات کئے جائیں گے۔ ایک امریکی ڈالر کے مقابلہ ہندوستانی کرنسی کی قدر 69 روپئے تک پہونچنے کے پس منظر میں وزیر فینانس پیوش گوئیل نے کہاکہ اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے جلد بازی میں کسی ردعمل کے اظہار کی ضرورت نہیں ہے۔ جمعرات کو ڈالر کے مقابلہ ہندوستانی کرنسی کی قدر اب تک کی کمترین سطح 68.79 روپئے تک پہونچ گئی ہے جس کے نتیجہ میں افراط زر کے بارے میں تشویش پیدا ہوگئی ہے۔ تاہم یہ کرنسی آج دوپہر اپنی کھوئی ہوئی سطح پر دوبارہ واپس آگئی جب ایک ڈالر کے مقابلہ اس کی قیمت 68.36 روپئے ہوگئی۔ گوئیل نے کہاکہ ’’مجھے آر بی آئی پر پورا بھروسہ ہے جو بیرونی زرمبادلہ اور شرحوں کے تعین کا انتظام کرتی ہے۔ حکومت اس کے ساتھ مل بیٹھے گی اور تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ عالمی صورتحال کو ملحوظ رکھتے ہوئے ہم مناسب اقدامات کریں گے۔ جلد بازی میں کوئی قدم اُٹھانے کی ضرورت نہیں ہے‘‘۔ دریں اثناء سونے کی قیمتوں میں فی دس گرام 170 روپئے کی گراوٹ درج کی گئی ہے۔ صرافہ مارکٹ میں آج 10 گرام سونے کی قیمت 31,480 روپئے تھی۔ عالمی سطح پر سونے کی قدر میں کمی کا اثر ملک کی صرافہ مارکٹ پر پڑا ہے۔ اس کے علاوہ مقامی سطح پر طلب میں کمی آئی ہے۔ ڈالر کے مقابلہ روپئے کی قدر میں ریکارڈ کمی 69.10 روپئے کے بعد روپئے کی قدر میں آج بہتری دیکھی گئی۔ 68.36 روپئے تک یہ بہتری آئی ہے اس کا اثر سونے کی قیمتوں پر بھی پڑا ہے۔ تاجرین کے مطابق کل روپئے کی قدر ایک ڈالر کے مقابلہ 68.74 روپئے پر آکر رُکی تھی۔ چاندی کی قیمت پر بھی اثر پڑا ہے۔ اس کی قیمت بتدریج گھٹ رہی ہے اس میں 200 روپئے کی کمی درج کی گئی۔ فی کیلو گرام چاندی 40,600 روپئے ہے۔