جی20- چوٹی کانفرنس میں وزیراعظم نریندر مودی سے صدر چین ژی ژینگ کی ملاقات
ہنگ ژاہو ۔ 4 ؍ ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) صدر چین ژی ژپنگ نے وزیراعظم نریندرمودی سے کہا کہ ان کا ملک چین ہندوستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بناتے ہوئے تعلقات کو وسعت دینے تیار ہے ۔ دونوں قائدین نے مختلف مسائل پر پائے جانے والے اختلافات کے درمیان بات چیت کی ۔ زائد از تین ماہ کے درمیان ان دونوں کی دوسری ملاقات ہے ۔ صدر چین نے کہا کہ چین اپنے تعلقات کو وسعت دیتے ہوئے اس میں مزید پیشرفت کا خواہاں ہے ۔ دونوں قائدین نے جی 20- چوٹی کانفرنس سے قبل بریکس قائدین کے اجلاس سے قبل ملاقات کی ۔ صدر چین کا یہ بیان اقوام متحدہ میں پاکستانی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست پیش کرنے اور این ایس جی گروپ میں ہندوستان کی رکنیت کو روکنے چین کی کوششوں کے درمیان سامنے آیا ہے ۔ دونوں قائدین نے اس سے پہلے جون میں شنگھائی تعاون تنظیم کے موقع پر تاشقند میں ملاقات کی تھی اور دونوں میں آئندہ ماہ گوا میں دوبارہ ملاقات ہوگی جہاں بریکس کا اجلاس منعقد ہونے والا ہے ۔ بریکس کو بین الاقوامی سطح پر ایک با اثر آواز بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ بریکس کے رکن ممالک کی دمہ داری ہے کہ وہ اپنے حصہ کی کوششوں کو جاری رکھیں ۔ بریکس رکن ممالک میں برازیل ‘ روس ‘ ہندوستان ‘ چین اور جنوبی افریقہ شامل ہیں ۔ انہوں نے بریکس آئندہ اجلاس رکن ممالک میں تعلقات کو مضبوط بنانے کا ایک اہم موقع ہوگا بلکہ پڑوسی ممالک کے ساتھ بات چیت کا بھی موقع ملے گا ۔