شنگھائی، 17 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) چین کے جنوبی علاقوں میں تباہ کن طوفان منگ کھوٹ کی وجہ سے پیر کو زبردست بارش ہوئی۔ شدید بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے اہم نقل و حمل کی خدمات کومعطل کر دیا گیا ہے ۔ طوفان کی وجہ سے لاکھوں لوگوں نے اپنا گھربار چھوڑ کر محفوظ مقامات میں پناہ لی ہے ۔چین کے محکمہ موسمیات نے اس کی اطلاع دی۔ فلپائن میں تباہی مچانے کے بعد سمندری طوفان منگ کھوٹ نے اتوار کو چین کے گوانگ ڈونگ صوبے میں دستک دی۔ فلپائن میں اس طوفان کی وجہ سے 50 سے زائد افراد کے مارے جانے کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ چین کے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ طوفان کی وجہ سے پیر کو چار سے چھ انچ تک بارش ہونے کاامکان ہے۔ طوفان اس کے بعد پیر کو ہی گوئزونگ ، چونکنگ اور یوننان صوبے میں پہنچے گا۔ چینی محکمہ موسمیات کے مطابق منگ کھوٹ 1949 سے اب تک کے 10 سب سے تباہ کن طوفانوں میں سے ایک ہے ۔ طوفان کی وجہ سے 162 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔ گوانگ ڈونگ صوبے میں طوفان کی وجہ سے چار افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے ۔ سرکاری میڈیا کے مطابق 24 لاکھ سے زیادہ لوگوں نے محفوظ مقامات پر پناہ لی ہے ۔ چین میں قدرتی آفات سے نمٹنے کی ذمہ داری سنبھالنے والے ایمرجنسی مینجمنٹ وزارت نے اتوار کو ایک نوٹس جاری کرکے بتایا کہ اس نے گوانگ ڈونگ ، ہنان، گوئزونگ ، اور یوننان صوبے کے متاثرہ علاقوں میں راحت اور بچاؤکاری کے لئے 24 ہزار سے زیادہ عملہ کو بھیجا ہے ۔