بیجنگ ۔29مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) کم از کم 8افراد ہلاک اور دیگر 6لاپتہ ہوگئے جب کہ زبردست سیلاب اور زمین کھسکنے کے واقعات کی وجہ سے چین کے دو مختلف صوبوں میں حادثات پیش آئے ۔ یہ حادثے موسلادھار بارش کا نتیجہ تھے ۔ دیگر 3لاپتہ افراد کی نعشیں آج برآمد ہوئیں ۔ سرکاری خبر رساں ادارہ ’’ ژن ہوا ‘‘ کی اطلاع کے بموجب ژیانگ مین شہر میں جہاں سیاح کشتی رانی سے محظوظ ہورہے تھے یہ نعشیں دستیاب ہوئیں ۔ 6افراد کو بچاؤ کارکنوں نے زندہ بچا لیا ۔ ایک اور واقعہ میں مشرقی چین کے صوبہ ژے جیانگ میں 6 افراد ہلاک ہوگئے ۔ جب کہ وہ اپنے منہدم مکانات میں زندہ دفن ہوگئے تھے ۔ یہاں پر آج علی الصبح زمین کھسکنے کے واقعات پیش آئے ۔ آدھی رات کے بعد موسلادھار بارش کی وجہ سے زمین کھسکنے کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا ۔ بچاؤ کارکن لاپتہ افراد کی ہنوز تلاش کررہے ہیں ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب جنوبی اور مشرقی چین میں آئندہ دنوں میں زبردست بارش کا امکان ہے ۔ سمندری طوفانوں سے گذشتہ ایک ہفتہ کے کئی علاقوں میں سیلاب آچکے ہیں ۔ عوام کو آفات سماوی کا مقابلہ کرنے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔چین کے موسمیاتی پیش قیاسی کرنے والے محکموں نے یہ ہدایات جاری کی ہیں ۔