چیف منسٹر مغربی بنگال کا بائیں بازو اور کانگریس پر پلٹ وار ۔ ممتا نے کی دونوں پارٹیوں کو ووٹ نہ دینے کی عوام سے اپیل

کلکتہ-وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کانگریس اور سی پی ایم کو ووٹ نہیں دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ یہ دونوں جماعتیں بنگال میں ایک بھی سیٹ پر کامیابی حاصل نہیں کرنے والی ہیں اور ان دونوں کو ووٹ دینے سے بی جے پی کو ہی فائدہ پہنچے گا،ساتھ ہی ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی ملک کی سالمیت کیلئے خطر ہے اس لیے ملک کی سالمیت و اتحاد کو برقرار رکھنے کیلئے بی جے پی کو کامیاب ہونے سے روکنا ضروری ہے ۔

سلی گوڑ ی اسمبلی حلقے میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ ان دونوں جماعتوں کو بنگال میں ایک بھی سیٹ نہیں ملنے والی ہے ۔ترنمول کانگریس ریاست کی 42میں 42سیٹوں پر جیت حاصل کرکے مرکز میں حکومت سازی میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

وزیرا عظم مودی کی سخت تنقید کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ مودی ملک میں مذہب کے نام پر نفرت پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں، اس لیے وہ اپنی ریلیوں میں مذہب کا سہارا لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مودی کے پاس گزشتہ پانچ سالوں کے درمیان کیے گئے کاموں کی فہرست نہیں ہے اور ایک بھی ایسا کام نہیں ہے جس کی بنیاد پر لوگوں سے ووٹ مانگ سکے ۔

ممتا بنرجی نے کہا کہ مودی اور امیت شاہ کی تقریریں انتہائی خطرناک ہیں اور اس سے ملک میں بھائی چارہ کے ماحول کو نقصان پہنچے گا۔ممتا بنرجی نے کہا کہ مذہب عوام کے درمیان تقسیم کرنے کیلئے نہیں ہوتا ہے بلکہ مذہب تو ایک دوسرے جوڑنے کیلئے ہوتا ہے ۔ممتا بنرجی نے رام نومی کے موقع پر ہتھیاروں کی نمائش پر بی جے پی کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی بنگال کے کلچر کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بنگال میں پہلے بھی رام نومی کا تہوار منایا جاتا تھا مگر کبھی اس طرح کے حالات نہیں ہوتے تھے جو اب ہیں۔ہتھیاروں کی نمائش کا مقصد عوام میں خوف پھیلانا ہے ۔

خیال رہے کہ رام نومی کے موقع پر بی جے پی، بجرنگ اور دائیں بازوں کی دیگر جماعتوں نے ہتھیاروں کے ساتھ جلوس نکالا۔ممتا بنرجی نے کہا کہ مودی ہندوستانی افواج پر سیاست کررہی ہے ۔ہندوستانی افواج کو مودی کی سینا کہہ کر ہندوستانی افواج کی قربانیوں پر پانی پھیرا جارہا ہے ۔

ہندوستانی افواج کسی بھی سیاسی جماعت کیلئے کام نہیں کرتی ہے ۔افواج کی زندگی ملک کے وقف ہے اور ملک کی حفاظت کیلئے ہمارے نوجوان قربانیاں دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مودی جیسے لوگ لیڈر نہیں ہوسکتے ہیں

۔لیڈر کا کام فسادات کرانا نہیں ہوتا ہے اور مودی بابو فسادات کے ذریعہ ہی اقتدار کو دوام بخشنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ بنگال میں این آر سی کبھی بھی نافذ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہاں سب لوگ ہندوستان کے شہری ہیں،شہری ترمیمی بل کس کے لیے لایا جارہا ہے اور اس کا مقصد کیا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پہلے آسام میں این آر سی کے مسئلے کو حل کریں، وہاں این آر سی کے نام پر کیا ہوا ہے ؟ 40لاکھ لوگوں کے نام شامل نہیں کیے گئے ہیں جس میں سے 22لاکھ افراد ہندو بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مودی کی قیادت والی حکومت کرپشن میں مبتلا ہیں اور چوکیدار ہی چور ہے ۔

ممتا بنرجی نے کہا کہ ملک کو چوکیدار کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ایک ایسے شحص کی ضرورت ہے جسے عوام اور ہندوستان کے آئین پر یقین ہو۔اس موقع پر ممتا بنرجی نے سلی گوڑی میں ان کی حکومت کی طرف سے کیے گئے کاموں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ جب میں وزیر ریلوے تھیں تو اس وقت بھی کئی اہم ٹرینیں سلی گوڑی کیلئے چلائی، بنگال سفار ی،ایشین ہائی اور باگ ڈوگرا ائیرپورٹ پر رات میں لینڈنگ کیلئے کام کیا ہے ۔اسکول اور کالج کھولے گئے ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخاب میں یہاں کے لوگوں نے بی جے پی کے ایس ایس اہلوالیہ کو ووٹ دیا تھا کیا ہوا؟ وہ یہاں سے جیت گئے مگر پانچ سالوں تک دارجلنگ لوک سبھا حلقے کیلئے کچھ بھی نہیں کیا۔ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی ملک کی سالمیت کیلئے خطرہ ہے اس لیے ہم اپیل کرتے ہیں ملک کی سالمیت کی خاطر بی جے پی کو ووٹ نہ دیں۔