چیف منسٹر راجستھان نے مودی اور بی جے پی پر پاکستان کا خوف دلاکر ووٹ مانگنے کا لگایا الزام

بھلیواڑ کے شاہ پور میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے گہلوٹ نے کہاکہ مودی اور بی جے پی پاکستان کا خوف دلاکر ووٹ مانگنے کی کوشش کررہی ہے ۔مگر پاکستان سے ڈرتا کون ہے۔

بھیلواڑہ-راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے وزیر اعظم نریندر مودی پر پاکستان کا خوف دکھا کر عوام سے ووٹ مانگنے کا الزام لگایا ۔  مسٹر گہلوت ضلع بھیلواڑہ کے شاھپورہ میں آج انتخابی جلسے سے خطاب کررہے تھے ۔.

انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی پاکستان کا خوف دکھا کر عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں، لیکن پاکستان سے ڈرتا کون ہے ۔ ہم نے اندرا گاندھی کے وقت پوکر ن میں ایٹمی دھماکہ کیا تھا۔ اب فوج کی بہادری کو مسٹر مودی اپنی بہادری بتارہے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ پاکستان ہے کیا چیز –

انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے دو مرحلوں میں بی جے پی کا صفایا ہو رہا ہے ۔ ملک کے ٹی وی چینل اور اخبار کے ایڈیٹر دباؤ میں ہیں۔ ٹی وی پر جو دکھایا جا رہا ہے وہ سب سچ نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی نے آج کل نیا جملہ شروع کیا ہے کہ وہ او بی سی طبقہ سے ہیں، اس لئے کانگریس کے لوگ ان کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں۔

مسٹر گہلوت نے کہا کہ اپنی کامیابیاں بتا کر الیکشن لڑنے کی بجائے مندر مسجد، ہندو مسلم اور مندر کب اور کہاں بنے گا، یہی معاملے بی جے پی کے انتخابی مہم میں رہ گئے ہیں۔مسٹر گہلوت نے کہا کہ مسٹر مودی اپنے آپ کو قوم پرست کہتے ہیں، کیا ہم قوم پرست نہیں ہیں۔

لیکن ہم فوج کے کریڈٹ پر سیاست نہیں کرنا چاہتے ہیں۔ کانگریس نے پورے ملک کو ایک کرکے رکھے ہوئی ہے ، مگرمودی ملک کو کس سمت میں لے جانا چاہتے ہیں یہ سمجھ سے باہر ہے ۔

وزیر اعلی نے کہا کہ ریاست میں تین ماہ میں کانگریس حکومت نے کئی بڑے فیصلے کیے ہیں اور جو مسائل رہ گئے ہیں ان کو انتخابات کے بعد مکمل کر دیا جائے گا۔ کانگریس امیدوار کو عوام کی مکمل حمایت ملے تو عوامی فلاحی منصوبوں کا نفاذ ہو سکے گا۔

اس موقع پر نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ملک میں مودی کانگریس کے لیڈروں کے گھروں پر انکم ٹیکس اور ای ڈی کے چھاپے ڈلواکر ان کی آواز دبانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بی جے پی کے کسی لیڈر کے یہاں کارروائی کیوں نہیں ہو رہی ہے ۔