کھمم بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کی مہم، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔ 2مارچ (سیاست نیوز ) نائب وزیراعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمودعلی نے کھمم بلدی انتخابات میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے امیدواروں کی تائید وحمایت میںانتخابی مہم چلائی۔ جناب محمد محمو دعلی نے کھمم میںڈویثرن 26,27,32,47میں ٹی آ رایس پارٹی امیدواروں کے حق میںانتخابی مہم چلائی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب محمدمحمو دعلی نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو اپنے انتخابی وعدوں کی تکمیل کیلئے شب روزکام کررہے ہیں۔
علاوہ از یں اضلاع کی ترقی پر بھی خاص توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2014 ، اسمبلی انتخابات، عظیم تر بلدیہ حیدرآباد کے نا قابل تسخیر نتائج اور نارائن کھیڑ کی حالیہ کامیابیوں سے واضح ہوتا ہے کہ عوام کو ٹی آر ایس پر کس قدر اعتماد ہے۔ انہوں نے پر یقین انداز میں بتایا کہ ضلع کھمم کے نتائج بھی صد فیصد موافق ٹی آر ایس ہوں گے ۔ انہوں نے امیدواروں کے ہمراہ مختلف ڈیویژنس کا دورہ کیا اور عوام سے ملاقات کرتے ہوئے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اوران کو درپیش مسائل سے تفصیلی واقفیت حاصل کی۔جناب محمدمحمودعلی نے ڈیویژن 27کے امیدوار کے سریتا کیلئے چلائی جانے والی انتخابی مہم میں محمد محمود علی نے ریوتی تھیٹرکے نام سے معروف علاقے کا دورہ کیا ۔ مقامی مسلمانوں نے انہیں محلے میں قبرستان نہ ہونے سے پیش آنے والی مشکلات سے واقف کروایا جس پر ڈپٹی چیف منسٹر نے کسی موزوں مقام پر اراضی کی نشاندہی کے بعد قبرستان کیلئے اراضی مختض کرنے کے علاوہ اس مقام پر ایک مسلم کمیونٹی ہال کی تعمیر کا تیقن دیا ۔
بعد ازاں ڈپٹی چیف منسٹرنے اسلام پیٹ و بوکلا گڈہ ، ڈیویژن 47کے امیدوارایم ناگیشور راؤکے ہمراہ اس علاقے کا دورہ کیا اور شادی مبارک اسکیم کی کامیابی کے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ غریب اقلیتی طبقات کی لڑکیوں کی شادی کیلئے 51 ہزار روپئے کے تحفے سے عوام بے حد خوش ہیں اور اضلاع سے تعلق رکھنے والے عوام بڑی تعداد میں اس اسکیم سے فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔ حکومت نے ہر سال بیس ہزار غریب اقلیتی لڑکیوں کیلئے شادی مبارک کا عطیہ دے گی۔ ڈبل بیڈ روم مکان، آسرا پنشن اسکیم کو انہوں نے بے حد سود مند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان اسکیمات سے خصوصاً خواتین بہت فائدہ اٹھارہے ہیں ۔ اسی دوران ڈیویژن 32 امیدوارکے اندرا کے ہمراہ ڈپٹی چیف منسٹر نے این ایس پی روڈ ، علاقے کا دورہ کیا جہاں پر ان کا پر جوش استقبال کیا گیا ۔ انہوں نے اس موقع پر وہاں کے منتظمین سے ملاقات کرتے ہوئے اقلیتوں کے عصری و دینی تعلیم پر توجہ مرکوز کرنے کی اپیل کی اور بتایا کہ اسلام نے عصری تعلیم پر زور دیا ہے، تاریخ میںکئی ایک مسلم دانشوران گزرے ہیں جن میں ، طبیب ، حکماء ، انجینئر اور ماہر فلکیات ، سائنسدان وغیرہ شامل ہیں تاہم مسلمانوں نے عرصہ دراز تک عصری علوم سے کنارہ کشی اختیارکرتے ہوئے علمی و معاشی شعبے میں پیچھے رہ گئے۔ انہوں نے دینی مدارس میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء سے عصری علوم میں دلچسپی لیتے ہوئے قوم کا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کیلئے کوشش کرنے کی تلقین کی
اور ڈیویژن26 امیدوارکے لئے رامنا گٹہ اور وکلانگولا کالونی کو سلم سے پاک بنانے اور ڈبل بیڈ روم فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ ذاتی مکان ہرخاتون کا خواب ہوتا ہے جس کو محسوس کرتے ہوئے چیف منسٹر نے حیدرآباد میں تقریباً سات لاکھ روپئے کی لاگت والا عصری سہولیات سے لیس ڈبل بیڈ روم مکان فراہم کیا ہے ، یہاں پر بھی انہوں نے اسی طرز کے ڈبل بیڈ روم مکانات با لکل مفت دینے کا اعلان کیااور خواتین کیلئے متعارف کردہ خصوصی اسکیمات کا بھی ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آسرا پنشن اسکیم ضعیف مرد و خواتین، بے سہارا، بیوہ خواتین کو ایک ہزارتا پندرہ سو روپیئے ماہانہ دیئے جارہے ہیں جس میں وہ خوشحال زندگی گزار رہے ہیں جبکہ پہلے ایسے مجبور افراد کو کسمپرسی کا سامنا تھا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے ڈیویژن کے امیدوار پی ناگا راجو کوبھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی اور کہا کہ ریاست میں بر سر اقتدار پارٹی کو کامیاب کروانے سے ترقی کی راہیں ہموار ہوجاتی ہیں ۔ بعد ازاں نائب وزیراعلی الحاج محمد محمود علی ضلع کھمم سے ورنگل روانہ ہوئے جہاں وہ ٹی آر ایس پارٹی امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم چلائیںگے ۔